خیبر پی کے، کلرکوں کے بنیادی سکیلز، تنخواہوں میں کئی گنا اضافے کا اعلان
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کلرکوں کے بنیادی پے سکیل اور تنخواہیں کئی گنا اضافے کا اعلان کر دیا اور واضح کیا کہ انکی اپ گریڈیشن کا تاریخی اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس سے صوبے کے 83 ہزار کلرکس مستفید ہونگے اس کے تحت جونیئرکلرک کو سکیل سات سے گیارہ، سینئر کلرک پے سکیل نو سے چودہ ، اسسٹنٹ سکیل گیارہ سے سولہ اور سپرنٹنڈنٹ پے سکیل سولہ سے سترہ تا اٹھارہ تک اپ گریڈ ہو گئے ہیں جس سے صوبائی حکومت پر بجٹ میں سالانہ65 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا یہ اضافہ اسی مہینے کی یکم سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید یقین دلایا کہ درجہ چہارم، سٹینو گرافر، کمپیوٹر آپریٹر، ڈرائیور نیز محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ایریگیشن کے ملازمین کیلئے بھی ترقیاتی پیکیج کااعلان بہت جلد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کلرک برادری بھی مجھ سے کیا وعدہ پورا کرے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے میرا بھرپور ساتھ دیں۔ وہ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ون نوشہرہ کینٹ میں ایپکاکے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ سرکاری محکموں سے کرپشن ختم ہوگئی ہے کیونکہ ابھی انکا معیار اور عوامی اعتبار قائم کرنا باقی ہے لیکن محکمہ پولیس کی حد تک انہیں پورا یقین ہے جس میں سیاسی مداخلت اور اثر و رسوخ کی بنیادوں پر ایس ایچ اوز کی تعیناتیاں ختم ہوچکی ہیں اب میرا سگا بھائی لیاقت خٹک اور داماد عمران خٹک بھی کسی پولیس کی تعیناتی اور تقرری کی سفارش نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ ہمارے ملک کی مساجد میں نمازیوں کی تعداد تو بڑھ رہی ہے لیکن کوئی شخص کرپشن چھوڑنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کلرکوں پر ذمہ داری ڈالتا ہوں کہ وہ کرپشن سے توبہ تائب ہونے کا عہد کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پرویز خٹک نظام کو درست اور کرپشن کی بیخ کنی نہیں کرسکا تو کوئی بھی مائی کا لعل نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے میں نئے بلدیاتی نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات نومبر میں کئے جائیں گے۔