بھکر تصادم کیس: سپریم کورٹ نے امن کمیٹی کو مسئلہ حل کرنے کیلئے ایک ماہ کی مزید مہلت دے دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے بھکر میں فرقہ وارانہ تصادم کے دوران 8 افراد کی ہلاکت سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں مسئلے کے حل کیلئے مقامی مصالحتی امن کمیٹی کو مزید ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی ہے۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چودھری زبیر احمد فاروق اور ڈی پی او بھکر قاسم سمیت کیس کے 11 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی پی او بھکر نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ٹرائل کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کو حکم دے کہ وہ ایک مقررہ وقت میں کیس اور دائر ضمانتوں پر فیصلہ دیں، اس پر چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ عدالت اس پر ایسا کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی اس سے کیس کی تفتیش متاثر ہو گی اور ماتحت عدالتیں دبائو میں آ جائیں گی کیس کا فیصلہ ہونے دیں پھر عدالت اس کا آئین وقانون کے تحت جائزہ لے گی۔ ڈی پی او نے عدالت سے استدعا کی کہ امن کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے۔ عدالت امن کمیٹی کو معاملہ حل کرنے کیلئے کچھ مہلت دے جو بھی پیش رفت رپورٹ ہو گی وہ عدالت میں پیش کر دی جائے گی اس پر عدالت نے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی۔