• news

طالبان سے دو ٹوک مذاکرات فوری شروع کئے جائیں، نوازشریف نے وزیر داخلہ کو ٹاسک دیدیا

کراچی(آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کو اہم ٹاسک دے دیا ہے کہ طالبان قیادت سے حتمی مذاکرات شروع کرنے کے لیے طالبان رابطہ کمیٹی کے توسط سے مذاکراتی عمل فوری شروع کردیا جائے اوراس حوالے سے دوٹوک پالیسی کے تحت مذاکرات کئے جائیں۔  میڈیا رپو رٹ کے مطا بق  وزیر اعظم نے  وزیر داخلہ کو  ہدا یت کی کہ  اگر طالبان قیادت فریقین کی براہ راست ملاقات کے لئے جگہ اور وقت کا تعین کردیں تو فوری ملاقات کی جائے اور ان سے حتمی مطالبات کی فہرست طلب کی جائے ،اگر طالبان قیادت مذاکرات میں مثبت انداز میں بات چیت کو آگے بڑھائیں گے اور اپنے وعدوں پر عمل کریں گے تو مذاکرات جاری رہیں گے اگر وعدوں پر عمل نہیں ہوتا تو پھر حکومت مذاکراتی عمل کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کرلے گی۔اس ٹاسک کے بعداہم حکومتی شخصیت نے پس پردہ طور پر طالبان رابطہ کار کمیٹی سے رابطہ کیا ہے اور ان کو کہا ہے کہ طالبان شوری کو کہیں کہ اگر وہ مذاکرات چاہتے ہیں تو پھر براہ راست ملاقات کریں اور حتمی طور پر ملاقات کے لیے رواں ہفتے میں وقت دیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اب مذاکراتی عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عندیہ دیا ہے۔رواں ماہ کے آخر تک مذاکراتی پالیسی کو جاری رکھا جاسکتا ہے،اگر مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوتی تو پھر آپریشن کے آپشن پر غور کیا جائے گا اور مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا ۔حکومتی حلقوں میں مذاکرات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن