• news

جمرود: نیٹو ٹرمینل پر راکٹ فائر‘ 3 گاڑیاں تباہ‘ ایک حملہ آور مارا گیا‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہائی وے اتھارٹی کے 3 اہلکار اغوا

خیبر ایجنسی+ ڈیرہ اسماعیل خان (نیوز ایجنسیاں) جمرود میں شدت پسندوں نے نیٹو گاڑیوں کے ٹرمینل پر راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے 3 اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔ مردان میں بائی پاس روڈ پر خودکش دھماکے 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں نیٹو گاڑیوں کے ٹرمینل پر شدت پسندوں نے کئی راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں ٹرمینل میں کھڑی تین گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ شدت پسندوں نے فائرنگ بھی کی۔ سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر شدت پسندوں سے جوابی کارروائی کی جس سے ایک شدت پسند مارا گیا جبکہ باقی شدت پسند فرار ہو گئے۔ بعدازاں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ سے پانچ مسلح افراد نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تین اہلکاروں کو اغواء کرلیا۔ مغوی اہلکاروں میں دو آپریٹر اور ایک سکیورٹی گارڈ شامل ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق واقعہ رات ڈیڑھ بجے اس وقت پیش آیا جب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دراسب روڈ پر واقع ٹول پلازہ پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تین اہلکار ڈیوٹی سے فارغ ہوکر اپنے کوارٹر میں سو رہے تھے کہ پانچ مسلح افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر اغواء کر لیا۔ مغوی اہلکاروں کے نام ارشاد علی‘ محمد ظریف اور ارسلان ہیں اور ان کا تعلق تونسہ‘ ڈی جی خان اور لیہ سے ہے۔ ادھر کرم ایجنسی کے علاقہ پیواڑ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن