پنجاب میں پولیو ویکسین کی ضرورت 20 لاکھ، اس وقت صرف 4 لاکھ موجود ہے: قائمہ کمیٹی
لاہور/ اسلام آباد (ثناء نیوز)وفاقی حکومت ملک میں پولیو سرٹیفکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب میں محکمہ صحت کو امید ہے کہ پولیو ویکسین کی جلد اور فوری خرید کے لیے قوانین میں نرمی کی جائے گی۔ مسلح افواج نے ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے حکومت سے بڑی مقدار میں پولیو ویکسین کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سے کہا گیا کہ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین میں پولیو ویکسین (او پی وی) کی فوری خرید کے لیے چھوٹ دی جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب کے محکمہ صحت کے پاس اس وقت صرف چار لاکھ او پی وی ویکسین موجود ہیں جبکہ صوبے کی ضرورت بیس لاکھ کے قریب ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے تین کروڑ روپے کی رقم درکار ہوگی۔ اس اجلاس میں موجود ایک سینیئر اہلکار کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملنے والی ہدایات کے بعد لیا گیا، جس نے صوبائی انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے وسائل استعمال کرے۔ نیشنل ہیلتھ سروس کی وزارت نے تمام صوبوں کے چیف سیکٹریریز کو ایک خط میں کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی روشنی میں یہ تمام معاملات صوبوں میں منتقل کردیے گئے تھے، اب صوبائی محکمہ صحت کا یہ کام ہے کہ وہ اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہاں تک کہ اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جانب سے جو پولیو ویکسین حاصل ہوئی تھیں وہ اب صوبوں کو فراہم کی جارہی ہیں، معلوم ہوا ہے کہ صوبوں کو پہلے ہی او پی وی پولیو ویکسین کی کمی کا سامنا ہے جو حکومت نے حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام (اے پی آئی)کے تحت انہیں فراہم کی تھیں۔ ویکسین کی فوری خریداری کے لیے تین کروڑ کی رقم درکار ہے۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد اس کا حکم جاری کیا جائے گا۔ اسی طرح ایم این ایچ ایس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر مستنصر مجیب الحق کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے اہلکار اپنے کورس کے دوران مسلسل بین الاقوامی سفری سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں کیونکہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ متعدد افسروں اور فوجی اس سلسلے میں بیرون ملک مختصر کورس کررہے ہیں۔ ویکسین کی ضرورت کے سلسلے میں وزارت مسلح افواج کے ساتھ رابطے میں ہے۔ فوج کی ضروریات پورا کرنے لیے اسے 60 ہزار او پی وی ویکسین فراہم جائیں۔ جن میں سے صرف پچاس ہزار فوج کے لیے، آٹھ ہزار فضائی فورسز اور دو ہزار نیوی اہلکاروں کی ضرورت کو پورا کریں گی۔ دوسری جانب آئی این پی کے مطابق وزارت قومی صحت نے مسلح افواج کو 60 ہزار پولیو او پی وی ویکسین دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ویکسین کی قلت ہے ، اتنی بڑی مقدار میں مسلح افواج کو پولیو ویکسین نہیں دے سکتے، مسلح افواج پولیو ویکسین مارکیٹ سے خریدے۔