• news

بھارت اور افغانستان پاکستان میں امن نہیں چاہتے: یوسف شاہ

کوئٹہ (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور مولانا سمیع الحق کے ترجمان مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ افغان صدر حامدکرزئی اور بھارت پاکستان میں امن نہیں چاہتے، امریکہ پاکستان کو اپنی کالونی بناکر ہمارے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جبکہ بلوچستان میں بھارت کے لوگ بدامنی پھیلانے کے لئے سرگرم ہیں۔ انہوںنے یہ بات امن کانفرنس اور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ طالبان کے مذاکرات کی مخالفت کرنے اور مایوسیاں پھیلانے والے ملک کے وفادار نہیں۔ آج قبائل کو بند گلی میں دھکیلنے کی کوششیں ہورہی ہیں اور ان پر دہشت گردی کا لیبل لگاکر انہیں ملک سے علیحدہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور امن کے حوالے سے جو عناصر مایوسیاں پھیلارہے ہیں وہ قطعی طور پاکستان کے وفادار اور دوست نہیں ہوسکتے۔ بلوچستان کی ناراض قوتوں کے جائز مطالبات پورے کر کے احساس محرومی ختم کیا جائے۔ بلوچستان کے مسئلے پر مایوسی پھیلانے والے ملک دشمن ہیں۔ امن کے ذریعے ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ بھارت پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔

ای پیپر-دی نیشن