افغان صدارتی انتخابات: کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ نہ لے سکا‘ دوسرا مرحلہ 14 جون کو ہو گا: الیکشن کمشن کا اعلان
کابل (این این آئی) افغان الیکشن کمشن نے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی بھی امیدوارپہلے مرحلے میں مطلوبہ ووٹ حاصل نہیں کرسکالہذا دوسرامرحلہ 14جون کو منعقد ہوگاجس میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوارعبداللہ عبداللہ اوران کے قریب ترین حریف ڈاکٹراشرف غنی مدمقابل ہوں گے،انتخابات میں تقریباً70لاکھ لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا، 64فیصد شرح مردوں اور36فیصد شرح خواتین کی رہی۔ جمعرات کو کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان آزاد الیکشن کمشن کے سربراہ یوسف نورستانی نے کہاکہ پانچ اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار نے مطلوبہ پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں کئے، نتائج کے مطابق ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے 45فیصد ووٹ حاصل کئے ،اشرف غنی 31.6فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے،زلمے رسول 11.4فیصد ووٹ لیکر تیسرے نمبر پررہے ،اسی طرح عبدالرب سیاب 11.4فیصد ووٹ لیکر چوتھے،قطب الدین ہلال 2.8فیصد ووٹ لیکر پانچویں ،گل آغا شیرزئی 1.6فیصد ووٹوں کے ساتھ چھٹے ،سلطان زئی 0.5فیصد ووٹ لیکر ساتویں اورسلطان زئی 0.2فیصد ووٹ لیکر آٹھویں نمبر پر رہے۔ نورستانی کا کہنا تھا کہ حکومت کو انتخابات میں غیر جانبداررہنا چاہیے اورعوام کو اپنا نمائندہ تسلیم کرنے کے لئے کسی بھی قسم کی دھاندلی نہ کی جائے،انہوں نے کہاکہ انتخابی کمشن پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے میں بھی غیر جانبداری کامظاہرہ کرے گااوریہ فیصلہ عوام پر چھوڑدیاجائیگاکہ وہ کسے اپنا نمائندہ چنتے ہیں،افغان آزاد الیکشن کمشن کے سربراہ نے کہاکہ وہ میڈیا،عوام اورالیکشن کمشن کے تمام ممبران کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے پہلے مرحلے میں انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانے کے لئے بھرپورتعاون کیا، آخرمیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورپہلے سے زیادہ ٹرن آئوٹ سامنے آنا چاہیے۔