• news

افغانستان: طالبا ن کا چیک پوسٹ پر دھاوا، جھڑپ میں ایک اہلکار، 4حملہ آور مارے گئے

کابل (این این آئی) پاکستانی سرحد کے قریب سپن بولدک میں افغان طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر دھاوابول دیا،جھڑپوں میں ایک اہلکار اورچارحملہ آورمارے گئے۔ ادھر طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ آپریشن بہار کا حصہ ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان پولیس اہلکار نے بتایاکہ صوبہ قندھار کے علاقے سپن بولدک پر بیسیوں طالبان پر مشتمل ایک گروپ نے دھاوابول دیا،جس کے بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر طلب کرلی گئی ،اس دوران طالبان نے قریبی عمارتوں میں چھپ کرفائرنگ کی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی وارکئے یہ جھڑپیں کئی گھنٹے تک جاری رہیں۔ اہلکار نے بتایاکہ حملے میں ایک پولیس اہلکار اور طالبان گروپ کے چار جنگجوہلاک ہو چکے ہیں۔ طالبان کے گروپ کے کئی ساتھی قریبی عمارتوں میں چھپے ہوئے ہیں فورسز ان کے خلاف سرچ آپریشن کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کارروائی میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ حملے میں بیسیوں اہلکار مارے جاچکے ہیں اوریہ آپریشن افغان فوج کے لئے بہت بھاری پڑے گا،انہوں نے کہاکہ انہوں نے بہار آپریشن کا آغاز کردیاہے اورعنقریب شدید حملے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن