معاشرے میں بڑھتا ہوا بگاڑ
مکرمی!ایک تو ہمارے معاشرے میں یکساں تعلیم فراہم نہیں کی جاتی۔ انگلش میڈیم‘ اردو میڈیم کا فرق‘ اوپر سے ان میڈیم میں بھی نصاب کا زمین و آسمان جتنا فرق پایا جاتا ہے۔ تعلیمی اداروں کا کام تعلیم فراہم کرنا ہے نہ کہ تربیت کرنا۔ والدین مہنگے سکولوں میں اپنے بچوں کو تعلیم دلواتے ہیں‘ مہنگی فیسیں برداشت کرتے ہیں اور بچے پھر بھی احساس کمتری کا شکار رہتے ہیں۔ ساتھ میں ادب‘ تمیز اور تہذیب میں کافی پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اداروں کی دی گئی تعلیم بچوں کو اچھے ڈاکٹر یا انجینئر تو بنا سکتی ہے‘ لیکن اچھا انسان نہیں۔ ضرورت اس عمل کی ہے کہ والدین بچوں کی تربیت پر توجہ دی۔ ان کو تہذیب‘ ادب اور اسلامی تعلیم خود فراہم کریں اور وزیرتعلیم سے گزارش ہے کہ وہ سکولوں میں یکساں تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔(رباب طارق)