• news

ملازم نہیں جنگ گروپ کے مالک سے مناظرہ کیلئے تیار ہوں، حکومت انکے اثاثوں کا آزادانہ کمشن سے آڈٹ کرائے، امن کی آشا مغربی سرحد پر بھی ہونی چاہئے : عمران

اسلام آباد/ لاہور (رپورٹنگ ٹیم/ نامہ نگاران) اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ نے جیو پر گستاخانہ پروگرام کیخلاف عدالت کے حکم پر جنگ، جیو کے مالک شکیل الرحمن، ڈاکٹر شائستہ لودھی، اداکارہ وینا ملک، اسد ملک اور دیگر کیخلاف توہین رسالت، توہین مقدس ہستیوں، توہین قرآن اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔ درخواست گزار ارشد بٹ نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد محمد جہانگیر کی عدالت میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر کی۔ درخواست نے تھانہ مارگلہ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ ایس ایچ او خالد محمود اعوان نے بتایا زیر دفعات 295-C، A295، 298-Aاور 7ATAکے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مدعی نے کہا ہے جب اس نے اپنے گھر میں وقوعہ کے روز ٹی وی کھولا تو اس پر گستاخانہ پروگرام چل رہا تھا جس سے مجھ سمیت تمام مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی۔ مزید برآں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ جاوید اقبال شیخ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ صفدر سلیم شاہد نے میر شکیل الرحمن اور دیگر کیخلاف اندراج مقدمے کا حکم دیدیا ہے۔ علاوہ ازیں توہین آمیز پروگرام کیخلاف سنی اتحاد کونسل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ تحصیل صدر بار کی طرف سے ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد خادم حسین کی عدالت میں بھی جنگ اور جیو گروپ کی بندش کیلئے پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وقائع نگار خصوصی کے مطابق پنجاب بار کونسل نے جیو، جنگ اور اس سے ملحقہ تمام چینلز کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ بار کونسل نے جیو چینل پر نشر کئے گئے گستاخانہ مارننگ شو کے خلاف کل بروز پیر یوم سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ احمر حسین چیمہ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، طاہر نصر اللہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی، محمد زاہد، محمد جاوید، امجد علی، افتخار احمد، جام محمد، عبدالغفار، محمد بشیر، مظہر حسین، ابرار احمد، محمد اکرم، نسیم ریاض، غلام مرتضی چودھری، شاہد مزمل، حیدر جمال، داﺅد احمد اور دیگر ممبران پنجاب بار کونسل نے کہا ہے جیو چینل کے مارننگ شو اٹھو جاگو پاکستان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا جیو چینل کو فوری بند کیا جائے اور اسکے مالک، پروگرام کی میزبان شائستہ لودھی اور اس پروگرام کو پیش کرنیوالے اور اس میں شامل ہر شخص کو عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا پنجاب بار کونسل اور تمام وکلا برادری آئندہ سے جیو، جنگ اور اس سے ملحقہ تمام چینلز کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جیو کے خلاف مختلف شہروں میں وکلا نے عدالتی بائیکاٹ کیا۔ کراچی کی مقامی عدالت نے جیو انتظامیہ اور دیگر کو طلبی کے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ فیصل آباد ، بہاولپور ، سرگودھا ، حافظ آباد اور سکھر میں بھی جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ لاہور میں پنجاب بار کونسل نے جیو کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ بار نے جنگ اور جیو گروپ کے صحافیوں کے عدالتوں میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی۔ ملتان میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے توہین آمیز پروگرام نشر کرنے کے خلاف ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ سکھر میں بھی وکلاءنے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور سیاہ پرچم لہرایا۔ نامہ نگار کے مطابق بہاولپور میں جیو چینل کیخلاف وکلا نے بہاولپور بار سے جی پی او چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ بہاولپور میں مجلس وحدت المسلمین کے زیراہتمام پریس کلب بہاولپور کے سامنے جیو ٹی وی کیخلاف احتجاجی ریلی بنی نکالی گئی، گوجرانوالہ سے نمائندہ خصو صی کے مطابق کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن نے جنگ جیو گروپ کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور جنگ کی کاپیاں بھی نذرآتش کی گئیں۔ کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے صدر عثمان مہر کی قیادت میں جیو کے پروگرام میں اہل بیت کی شان میں گستاخی کیخلاف نگار پھاٹک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کیبل آپریٹرز نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ بار اےسوسی اےشن کا ہنگامی اجلاس قائداعظم بار ہال سیشن کورٹ میں منعقد ہوا جس مےں جیو ٹی وی چینل پر اہلبیت کی شان میں گستاخی کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پےش کی گئی جس کا متن تھا جیو اور جنگ کے تمام اخبارات اور میڈیا کے نمائندوں کا ڈسٹرکٹ بار میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ پر کو تمام دن ہڑتال کریگی۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ جاوید اقبال شیخ نے پیپلز لائرز ونگ کے رہنما افتخار علی طیب رحمانی کی درخواست پر جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن سمیت 25 افراد کیخلاف توہین آمیز پروگرام کرنے پر مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ادھر کیبل آپریٹر ایسو سی ایشن کے فیصلے پر اوکاڑہ کے متعدد کیبل مالکان نے جیو نیوز کی نشریات دکھانا بند کردی ہیں۔ وکلاءکی طرف سے فیصل آباد ضلع کچہری میں جیو اور جنگ کے خلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز پاکستان کے زیراہتمام معصوم طلباءوطالبات نے جیو ٹی وی چینل کیخلاف احتجاج کیا۔ بہاولنگر میں کیبل آپریٹر ز نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ ان کا کہنا تھا ہم نے جیو کے تمام چینل کی نشریات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ پاکپتن میں جما عت اہلسنّت، انجمن تاجران، انجمن حسینیہ، تحریک فیضان اولیاءنے جیو کیخلاف احتجاجی ریلی نکا لی جبکہ کیبل آپریٹر پیر محمد حسن چشتی نے جیو ٹی وی کے تما م چینل بند کر نے کا اعلان کیا۔ جیو کے خلاف سیالکوٹ کے وکلاءنے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ سیالکوٹ میں گورنمنٹ مرے کالج کے طالب علموں نے جیو ٹی وی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساہیوال نے بھی احتجاجاً مکمل ہڑتال کی اور کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔ اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام جیو کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق تحریک حرمت رسول سمیت مختلف مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں کی طرف سے جیو کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں، جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ بسم اللہ چوک بادامی باغ میں تحریک حرمت کی طرف سے سیرت کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مولانا امیر حمزہ، مولانا خالد سیف الاسلام، مولانا ابوالہاشم، مولانا ادریس فاروقی، حافظ ثناءاللہ فاروقی، حافظ احسان الٰہی وٹو اور دیگر نے خطاب کیا۔ اپنے نامہ نگار سے کے مطابق سیشن عدالت نے جیو کے پروگرام میں اہل بیت کی توہین کرنے پر دائر درخواست پر تھانہ پرانی انار کلی پولیس کو مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں فاضل جج نے جیو کیخلاف دائر اندراج مقدمہ کی مزید دو الگ الگ درخواستوں پر تھانہ مغل پورہ اور تھانہ اچھرہ پولیس سے 19مئی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج صفدر بھٹی نے آفتاب احمد کی درخواست پر تھانہ پرانی انارکلی پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا جبکہ فاضل جج نے حافظ عاقب جاوید کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ پرانی انار کلی کو درخواست گزار کی داد رسی کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل جج نے میاں شہباز کی جانب سے دائر درخواست پر ایس ایچ او تھانہ اچھر ہ سے کمنٹس طلب کر لئے ہیں۔ جیو کے خلاف لاہور بار نے بھی کل مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بار کے صدر اشتیاق چودھری نے جیو کے پروگرام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا وکلا برادری آئندہ سے جیو، جنگ اور اس سے ملحقہ تمام چینلز کا بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ منصور احمد خان کی عدالت میں ڈسٹرکٹ بار کے ممبران منظور قادر، ناصر عنایت، عثمان اور شہلا چوہان نے الگ الگ درخواستیں دائرکرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا۔ جیو کے مالک اور دیگر کے خلاف پولیس کو توہین رسالت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے جس پر فاضل جج نے ایس ایچ او سول لائن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ کی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے پریس کلب شیخوپورہ سے احتجاجی ریلی نکالی ریلی کی قیادت صدر مبشر حسن بٹ، شہباز خان، سلطان حمید راہی، تحریک انصاف کے ضلعی صدر عمران کنور سعید، شہزاد ورک، فیض الرسول اور دیگر نے کی۔ مقررین نے کہا شیخوپورہ میں تمام کیبل آپریٹرز جیو کی نشریات فوری طور پر بند کر رہے ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق تحصیل کامونکے میں کیبل آپریٹرز نے جیو چینل کی تمام نشریات بند کر دیں۔

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جنگ جیو گروپ کے حوالے سے اپنے پانچ مطالبات پیش کر دیئے ہےں جن مےں مطالبہ کیا گیا ہے کہ توہین آمیز مارننگ شو چلانے پر جیو پوری قوم سے معافی مانگے، میری اور میری فیملی کی کردار کشی پر مجھ سے معافی مانگے، میر شکیل الرحمن کے بنک اکاو¿نٹس اور اثاثوں کے حکومت آزادانہ کمیشن سے آڈٹ کرائے اور پتہ چلائے کہ میر شکیل الرحمن کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، میر خلیل الرحمن فاو¿نڈیشن کو ملنے والی امداد کا آڈٹ کرایا جائے، مالی بے ضابطگیوں کے باوجود جیو کو پانچویں ٹی وی کیلئے ملنے والے لائسنس کے معاملے کی بھی تحقیقات کرائی جائے۔ عمران خان نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو کسی بھی فورم پر مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمن کے نوکروں سے مناظرہ نہیں کرینگے۔ میر شکیل الرحمن پاکستان آنے سے ڈرتے ہیں، دبئی جا کر میر شکیل الرحمن سے مناظرے کیلئے تیار ہوں، انکے ہر چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔ میر شکیل الرحمن کی انٹرپول سے گرفتاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انٹرپول کے ذریعے میر شکیل کی گرفتاری کا مطالبہ نہیں کرینگے، تحقیقات ہوں ثابت ہونے پر ٹرائل ہونا چاہئے۔ اپنی رہائشگاہ پر کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میر شکیل الرحمن غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور غیروں سے پیسہ لیکر ملک کا ایجنڈا سیٹ کرنے کیلئے کنگ میکر بنے ہوئے ہیں، غیر ملکی اشارے اور مخصوص مفروضے پر آئی اےس آئی چیف کا ٹرائل کیا گیا۔ حامد میر سے ملاقات کا احوال نہیں بتا سکتا تاہم وہ ایک کتاب لکھ رہے ہےں جس مےں 2013ءکے عام انتخابات مےں دھاندلی کے پول کھولیں گے، قوم سے اپیل ہے کہ جیو کا مکمل بائیکاٹ کرے۔ آزاد کمیشن سے تحقیقات کرائی جائیں کہ میر شکیل الرحمن کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔ جیو کو برطانیہ کی جانب سے ملنے والے پےسے کا معاملہ خود لارڈ نذیر نے ہاو¿س آف لارڈ مےں اٹھا رکھا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ اور امن کی آشا کے نام پر جیو نے بھارت سے بھی اربوں روپوں حاصل کئے جن کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ جنگ گروپ نے حکومت کیساتھ ملکر سابق چیئرمین پیمرا کو برطرف کرایا تاکہ پیمرا کو کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ جیو نے غیر ملکی اشارے اور مخصوص مفروضے پر آئی اےس آئی چیف کا ٹرائل کر کے افواج پاکستان اور خفیہ ایجنسیوں کو بدنام کیا۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت جنگ اور جیوگروپ کی غیر ملکی فنڈنگ اور تمام اثاثوں کی تحقیقات کرکے عوام کے سامنے پیش کرے۔ میر شکیل الرحمٰن اور ان کے گروپ کے تمام قرضوں، ٹیکس کی عدم ادائیگی اور اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران جیو گروپ کو امریکہ اور برطانیہ سے باقاعدہ فنڈنگ ہوئی ہے۔ انھوں نے بعض دستاویزات صحافیوں کو دکھاتے ہوئے کہا کہ میر خلیل الرحمان فاو¿نڈیشن کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر برطانیہ سے 69 لاکھ پاو¿نڈ دیئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن خود دبئی کے ایک عالی شان بنگلے میں بیٹھے کاروباری مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، پاکستان میں لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ جو کوئی جنگ اور جیو کے بارے میں بات کرے اسے میڈیا کے ذریعے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ جنگ گروپ نہ صرف مختلف بنکوں کا ساڑھے چار ارب روپے مقروض ہے بلکہ ان پر کئی ارب روپے کا ٹیکس واجب الادا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ نے ایک ارب 80 کروڑ روپے کا قرضہ نیشنل بنک کو واپس کرنا تھا جس کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی۔ پیمرا کے سابق چیئرمین چودجری رشید نے سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ پیمرا کسی گروپ کو چار سے زیادہ لائسنس جاری نہیں کر سکتا لیکن جیو کو پانچ لائسنس جاری ہو چکے ہیں۔ انہوں نے جیوگروپ کے اضافی لائسنسز کی فوری طور پر منسوخی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ذریعے پیمرا کے چیئرمین کو نوکری سے نکلوایا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن حامد میر پرحملہ ہوا اس کے بعد مسلسل آٹھ گھنٹے تک جس انداز میں جیو ٹی وی نے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تصاویر دکھا کر خبر نشر کی اس کا بنیادی مقصد پاکستانی فوج پرحملہ تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف جیوگروپ کے نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کا سربراہ لگایا بلکہ پاکستان ٹیلی ویڑن سپورٹس کے مقابلے میں جیوسپورٹس کو کرکٹ رائٹس خریدنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور آئی ایس آئی پرحملوں کے بعد جنگ گروپ نے ان کی ذاتی زندگی کونشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ اگر وہ اپنی صفائی پیش کریں تواسے آزادی صحافت کے خلاف اقدام قراردیا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شکیل الرحمٰن اوراس کےگروپ کے تمام قرضوں، ٹیکس کی عدم ادائیگی اور اثاثوں کی تحقیقات کرکے قوم کے سامنے پیش کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی جیو گروپ پر پابندی لگانے کا مطالبہ نہیں کیا لیکن پیمرا اپنے قوانین پر عملدآمد یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں ایسے پروگرام نشر ہوں جنہیں خاندان کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا پیمرا آرڈیننس کے تحت کسی گروپ کو 4 چینل مل سکتے ہیں مگر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کس قانون کے تحت جیو کو پانچواں چینل دیا۔ عمران خان نے کہا کہ جیو ٹی وی نے امریکی محکمہ خارجہ سے پیسہ لیا ہے۔ میر شکیل الرحمن نے 6.9 ملین پاﺅنڈ لئے۔ نجم سیٹھی، جنگ گروپ اور مسلم لیگ ن سب ملے ہوئے ہیں۔ جیو سوپر کو خلاف قانون کرکٹ رائٹس دئیے گئے۔ میر شکیل الرحمن 5 ارب روپے کے دبئی والے گھر میں رہتے ہیں۔ نجم سیٹھی کو حکومت نے 2کروڑ روپے کا ٹیکس معاف کیا۔ انہیں 35 پنکچر لگانے پر چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا تحفہ دیا گیا۔ آئی ایس آئی چیف پر الزامات میر شکیل الرحمن کے کہنے پر لگائے گئے ہیں۔ میر شکیل الرحمن پیمرا کے پونے 4 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔ میر شکیل الرحمن نے سوشل میڈیا پر میری بدترین کردارکشی کی، گند اچھالا گیا۔ وہ مالی مفادات کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ میر شکیل الرحمن نے دباﺅ ڈال کر چیئرمین پیمرا بنوایا۔ جیو ٹی وی نے قانون توڑے حکومت کارروائی کرے۔ میر شکیل الرحمن پاکستان کا کنگ میکر بنے ہوئے ہیں، ہمارا مسئلہ جنگ گروپ نہیں میر شکیل الرحمن ہیں۔ میر خلیل الرحمن فاﺅنڈیشن کو باہر سے پیسہ آتا ہے۔ امن کی آشا تحریک انصاف کی پالیسی ہے لیکن یہ مغربی سرحد پر بھی ہونی چاہئے۔ جیو ٹی وی گستاخانہ پروگرام پر قوم سے معافی مانگے۔ جیو نے میرے خلاف اور اشتہار چلائے میری مفت میں تشہیر ہورہی ہے۔ پوری قوم جیو نیٹ ورک کا بائیکاٹ کرے۔ میر شکیل الرحمن مجھ سے مناظرے کیلئے کبھی سامنے نہیں آئینگے۔ فیصل آباد میں 25 مئی کو بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔ پنجاب حکومت فیصل آباد جلسے میں آنے والوں کو روکنے سے باز رہے۔ جیو کی وجہ سے لوگ فیملی کے ساتھ ٹی وی نہیں دیکھتے۔ وائٹ پیپر پر پانچویں صفحے پر جیو ٹی وی سے متعلق لکھا ہے۔ پارلیمنٹ میں پہلے روز سے 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس الیکشن کمشن کے تحت کبھی شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے۔ میری جدوجہد پارلیمنٹ میں آنے کی نہیں نیا پاکستان بنانے کی ہے۔ دھاندلیوں کیخلاف 25 مئی کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں میدان سجے گا۔ جنگ گروپ کو ملنے والی غیر ملکی امداد‘ فنڈز کا آڈٹ کرایا جائے‘ میڈیا گروپ اور اسکے مالک کے ذاتی اثاثے ‘ بنک اکاﺅنٹس کی تفصیلات‘ ٹیکس چوری اور قرضے معاف کرانے کی تحقیقات کرائے۔ پیمرا دینی اور مذہبی اقدار کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے جیو سمیت تمام میڈیا گروپس کو پابند بنائے‘ آزادانہ کمشن تحقیقات کرے کہ میر شکیل الرحمن کو اتنا پیسہ کہاں سے ملا۔ اس موقع پر پارٹی کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی اور سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برطانوی ہاﺅس آف لارڈز کی رپورٹ کے مطابق جیو نے ایک ارب روپیہ برطانیہ سے جبکہ امریکی محکمہ خارجہ سے کروڑوں ڈالر لے کر اپنے چینل میںان ممالک کی ہدایات پر ایڈیٹوریل پالیسی بنائی۔ اس امداد کے بدلے جنگ گروپ نے ان دونوں ممالک کو تحریری طور پر لکھا کہ کون کون سے پروگرامز میں امریکہ اور برطانیہ کا کیا ایجنڈا پروموٹ کیا جائے۔ امریکی فنڈز پر امن کی آشا چلائی گئی، ہم بھارت سے خوشگوار تعلقات کے حامی ہیں لیکن مشرقی بارڈر پر امن کی آشا چلانے والوں نے مخصوص مغربی سرحدوں پر امن کی بات کرنے پر مجھے طالبان خان کا خطاب دیا۔ آئی ایس آئی چیف اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کی ہدایات براہ راست دوبئی میں بیٹھے جنگ گروپ کے مالک نے دیں جو فرعون بنا بیٹھا ہے۔ کون سا ملک یہ اجازت دے سکتا ہے کہ اس ملک کا نجی چینل غیر ملکی فنڈز پران کا ایجنڈا چلا کر اپنے ملک کی پالیسیاں تبدیل کرانے کےلئے دباﺅ ڈالے اور بلیک میلنگ کرے۔ ساری قوم مغربی سرحدوں پر امن کی بات کر رہی ہے ۔ دبئی میں بیٹھا فرعون فوجی آپریشن کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ اپنے چینل کے ذریعے اپنے کاروباری مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ یہ نیشنل بنک اور پیمرا سمیت متعدد سرکاری اداروں کا ڈیفالٹر ہے‘ سٹیٹ بنک کے گورنر کی تبدیلی اور پیمرا چیئرمین کو ان کے عہدے سے مسلم لیگ ن کی حکومت نے اسی کے کہنے پر ہٹایا۔ سابق چیئرمین پیمرا کو صرف اس لئے برطرف کر دیا گیا کہ وہ اس میڈیا گروپ سے پونے چار ارب روپے کے سرکاری واجبات وصول کرنا چاہتے تھے۔ 180 کروڑ روپے دباﺅ ڈال کر سندھ بورڈ آف ریونیو سے نیشنل بنک کے معاف کرائے گئے۔ حکومت اس کے دباﺅ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیتی ہے۔ پیمرا قواعد کے تحت ایک مالک کو صرف چار چینل چلانے کی اجازت ہے۔چوہدری رشید نے انہیں پانچواں چینل چلانے سے روکنے کی کوشش کی جس پر انہیں برطرف کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت اور یہ میڈیا گروپ آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ جیو مسلم لیگ ن کا میڈیا سیل بن گیا ہے۔ وزارت دفاع نے آئی ایس آئی کے خلاف 8 گھنٹے کی نشریات پر پیمرا میں شکایت درج کرائی دوسرے حکومتی ادارے اور وزارت اطلاعات و نشریات نے جیو کا دفاع کیا کیونکہ یہ اب اسی وزارت کا ایک شعبہ بن گیا ہے۔ انتخابات میں 35 پنکچر لگانے پر جیو کے معروف اینکر کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگایا گیا۔ جس نے اپنے گروپ کو فائدہ پہنچانے کیلئے کرکٹ رائٹس کی بولی میں پی ٹی وی کو بولی دینے کی اجازت نہیں دی، یک طرفہ طور پر کرکٹ دکھانے کے حقوق جیو سوپر کو دے دئیے گئے۔ میں نے پی ٹی وی کو حقوق نہ ملنے پر احتجاج کیا تو اس میڈیا گروپ کے مالک نے مجھے ہر جانے کا نوٹس بھجوایا اور پھر مجھے بلیک میل کرنے کیلئے میرے خلاف پروپیگنڈا کی ذلیل حرکت کی۔ ان کا خیال تھا کہ اس کے سامنے باقیوں کی طرح میں بھی جھک جاﺅں گا لیکن میں اسے انجام تک پہنچا کر دم لوں گا۔ یہ سب سے بڑا بلیک میلر ہے میں اس کی بلیک میلنگ میں نہیں آﺅں گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس میڈیا گروپ کا بائیکاٹ کریں۔ ان الزامات کی تحقیقات کرانا ریگولیٹری اتھارٹیز کا کام ہے۔ تمام مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے مگر شنوائی نہ ہونے پر سڑکوں پر آئے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ 1993ء میں نجم سیٹھی نے نواز شریف پر جنرل آصف نواز کو زھر دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے آٹوپسی کا مطالبہ کیا جبکہ اب 35 پنکچروں سے جمہوریت دریافت کرنے کے بعد نوازشریف کو اس کا چیمپئن بنا دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے نجی ٹی وی چینل اور اخباری گروپ کے رویہ اور پیمراکے تنازعے کے بعد کوئی شک باقی نہیں رہتا کہ یہ گروپ مسلم لیگ(ن) کے میڈیا سیل کیلئے ”سروگیٹ“ بن گیا ہے، اسکی غیر جانبداری جعلی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آئی ایس ایف، پی ٹی آئی کی طاقت ہے، نوجوان تیاری کریں یہ میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، فیصل آباد جلسے کی بھرپور تیاری کی جائے، مجھے آئی ایس ایف پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن