بھارت میں تشدد کا نشانہ بننے والا پاکستانی طالبعلم وطن پہنچ گیا
لاہور +پتوکی (آئی این پی+ نامہ نگار ) بھارتی یونیورسٹی میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا پاکستانی طالب علم لاہور پہنچ گیا،ہفتہ کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کی پانڈ یچری یونیورسٹی میں زیر تعلیم پوسٹ گریجویشن کانامعلوم افراد کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا پاکستانی طالب علم علی حسن لاہور ایئرپورٹ پہنچاجہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی حسن نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ وہ اپنے قدموں پر وطن واپس پہنچ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد نے رات کے وقت ان کے کمرے میں گھس کر ان پر تشدد کیا اور ان کے گلے میں تار ڈال کر انہیں گرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت میں دو سالہ قیام کے دوران یونیورسٹی میں کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہے۔ پاکستان سے متعلق بھارتی نوجوانوں کی سوچ مثبت ہے۔علی حسن کے والدنے کہا کہ بیٹے پر تشدد کی خبر سن کر وہ بہت پریشان تھے لیکن اب اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں کہ ان کا بیٹا صحیح سلامت گھر پہنچ گیا ہے۔ علی حسن کو لینے ان کے والدین اور رشتہ دار ایئرپورٹ پہنچے اور ان کی بحفاظت وطن واپسی بے حد خوش نظر آئے۔پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق طالب علم علی حسن رضا اپنے آبائی شہر پتوکی نورسٹی میں اپنے گھر پہنچے تو والدین محلہ داروں نے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان، بھارت اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ علی حسن کے والد احمد رضا نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو کبھی بھارت نہیں بھیجیں گے۔ دوسری جانب بھارتی پولیس تاحال حملے کے پیچھے وجوہات کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔