عالمی بنک سے توانائی، سماجی شعبوں میں مزید تعا ون پر اتفاق‘ شفافیت، میرٹ، اچھی حکمرانی کو فروغ دیا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس حوالے سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے جلد کام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس پر 4 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی۔ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے عالمی بینک کے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات میںعالمی بینک کے تعاون سے توانائی سمیت مختلف سماجی شعبوں میں جاری ترقیاتی پروگراموں پر تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی،تعلیم، صحت، زراعت، آبپاشی اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں عالمی بینک کا تعاون خوش آئندہے۔ پنجاب میں شفافیت ، میرٹ اور اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے۔ عوام کو بہترین خدمات اور ریلیف کی فراہمی کے پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ صوبے میںکفایت شعاری پالیسی کے تحت بچائے گئے وسائل بھی عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ بہاولپور میں پاکستان کے پہلے سولر پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے گا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کو ایک نئے عزم اور دن رات محنت سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ سمال ہائیڈل پراجیکٹس کے حوالے سے عالمی بینک کے تعاون سے جامع میکانزم تیار کیاجائے گا۔ داسو ڈیم جیسے قومی اہمیت کے منصوبے کئی برس قبل ملک میں لگنے چاہئیں تھے لیکن ماضی کے حکمرانوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور جی ڈی پی میں بھی اس کا بڑا حصہ ہے۔ غذائی ضروریات پورا کرنے اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کا فروغ نہایت اہمت کا حامل ہے۔ زرعی تحقیق کو فروغ دینا اور زرعی تحقیق کے نتائج کاشتکاروں تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے زراعت کے فروغ اور فی ایکڑ زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے 4کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو جلد اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے مقامی صحافی عمیر علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔