راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو منصوبے کیلئے مشینری پہنچ گئی، اپوزیشن کی مخالفت
اسلام آباد (انعام اللہ خٹک / دی نیشن رپورٹ) راولپنڈی اسلام آباد میں اربوں روپے کی لاگت سے میٹرو منصوبہ شروع کرنے اور سڑکوں کی کھدائی کیلئے ہیوی مشینری پہنچ گئی ہے جبکہ اپوزیشن کے ارکان اسکو دارالحکومت میں سرسبز ماحول کو خراب کرنے کا منصوبہ کہتے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر، کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے بتایا کہ بس سروس کا آغاز فلیش مین ہوٹل سے شروع ہوگا اور اسلام آباد سیکرٹریٹ پر جاکر ختم ہوگا اور پشاور موڑ پر اوور ہیڈ برج بھی تعمیر کیا جائیگا۔ پی سی ون کے مطابق منصوبے پر 46 ارب روپے لاگت آئیگی اور لوگوں کو معیاری سفری سہولت ملے گی۔ پراجیکٹ کے چیئرمین حنیف عباسی کے مطابق منصوبہ سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا جبکہ اپوزیشن کے مطابق اس سے غریب دکاندار اور ریڑھی بان متاثر ہونگے اور ماحولیات پر بھی اثر پڑیگا۔ اس سلسلے میں مشاہد حسین کا کہنا ہے کہ کھدائی کے عمل سے بڑے پیمانے پر گرین بیلٹس کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسکے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ اس سے اسلام آباد کی خوبصورتی خراب ہوگی اور اس منصوبے کی زد میں آکر ہزاروں غریب متاثر ہوں گے۔ اس حوالے سے سرور باری کا کہنا ہے کہ حکومت کو نئے روڈز بنانے چاہئے تھے جبکہ اس نے اس منصوبے پر کام شروع کردیا۔