• news

شہباز شریف کی ملاقات: احتجاجی سیاست سے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنیوالے کسی صورت کامیاب نہیں ہونگے: وزیراعظم

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے درمیان جاتی عمرہ رائے ونڈ میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج، حکومت طالبان مذاکرات، ملک میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال، سی این جی گیس کا معاملہ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے مقامی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم ہماری کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی اور صوبائی کونسلوں کے اجلاس بلانے جانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ آئی این پی کے مطابق ملاقات میں تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک سے سیاسی طور پر نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی، صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی عوام کو حکومت کی کارکردگی سے بھی آگاہ کریں گے۔ آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان جبکہ وزیراعلیٰ نے میاں نوازشریف کو پنجاب میں بجلی سمیت دیگر شعبوں کے منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے پنجاب میں بجلی کے مختلف منصوبوں پر اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کو تمام مسائل سے نجات دلا کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی اور ملک میں جمہوریت سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنایا جائیگا۔ انکا مزید کہنا تھا جو لوگ احتجاجی سیاست سے ملک کو عدم استعمال کا شکار کرنا چاہتے ہیں وہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوں گے اور ہم ملک اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن