• news

اسفند یار نے میڈیا اور عوام کے سامنے آنا چھوڑ دیا

اسلام آباد ( دی نیشن رپورٹ) خیبر پی کے میں سیاسی تبدیلی کے بعد اے این پی کے سربراہ اسفند یار خان نے میڈیا اور عوام سے تقریباً کشارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ عمران خان کی پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ قومیت پرست پارٹی کے سربراہ اسفند یار تحریک انصاف کے سونامی کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے تاہم اب 20 مئی کو اے این پی کے داخلی پارٹی انتخابات کے اہم مرحلے پر بھی اسفند یار ولی نامعلوم وجوہات کی بنا پر فعال نظر نہیں آ رہے۔ دوسری طرف خیبر پی کے حکومت پر مولانا فضل الرحمن کھل کر تنقید کر رہے ہیں۔ اسفندیار ولی کی پراسرار خاموشی کی بنا پر عمران خان پر تنقید کے حوالے سے فضل الرحمٰن ہی واحد لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس وقت اے این پی کے سیکرٹری اطلاعات سنیٹر زاہد خان 2 ہفتوں کیلئے بیرون ملک ہیں اور بشریٰ گوہر واحد رہنما ہیں جو سوشل میڈیا پر پارٹی کا مؤقف سامنے لا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ’’دی نیشن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سنیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ پارٹی کے ہر ورکر اور رہنما کی آواز اسفندیار کی آواز ہے۔ اس وقت پارٹی اپنا تنظیمی سٹرکچر مکمل کر رہی ہے جس کے بعد اسفند یار  ٹی وی سکرینز پر دیکھے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کو اس وقت بھی شدت پسندوں کی جانب سے حملے کا خطرہ ہے تاہم اس طرح کے خطرات کے باوجود وہ اپنے وکرز سے رابطے میں رہینگے۔

ای پیپر-دی نیشن