رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی: عابد شیر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائیگا اور افطار و سحر کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے نشر کیا جا رہا ہے کہ جہاں پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے وہاں مسئلہ چوری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو کی بل ریکوری میں بہتری آئی ہے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بجلی چوری کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی اورکسی کو نہیں بخشا جائیگا۔ وزیراعظم 30 مئی کو نندی پور پلانٹ کابھی افتتاح کرینگے جس سے بجلی حاصل کرکے نومبر دسمبر کے دوران گرڈ سسٹم میں شامل ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے پورٹ قاسم کا بھی افتتاح کردیا گیا ہے۔ وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ بل کی عدم ادائیگی پر فیصل آباد سرکٹ ہائوس کی بجلی منقطع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتفاق رائے سے ہی کالاباغ ڈیم تعمیر کیا جائیگا۔ عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی کامیاب جلسہ نہیں کر سکتی، شیخ رشید لال حویلی میں چار سو افراد کا جلسہ نہیں کر سکے، حکومت قومی اداروں کے شانہ بشانہ ہے ،کسی کو مذہب اور اسلام سے کھیلنے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے، فیسکوریکوری کے حوالے سے فیصل آباد پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی سیاست کی ریت بن چکی ہے کہ ہارنے والی پارٹی نے دھاندلی کا شور مچانا ہوتا ہے، حکومت پاکستان اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔