• news

زیارت میں قائداعظم ریذیڈنسی کی تعمیرنو کا کام تیزی سے جاری

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)بلوچستان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سے منسوب زیارت ریذیڈنسی کی تعمیر نو اور اصل حالت میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس منصوبے سے وابستہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عمارت کو 14 اگست سے پہلے مکمل کر لیا جائیگا۔زیارت ریذیڈنسی کو گزشتہ سال جون میں بلوچ عسکریت پسندوں نے بم حملہ کر کے تباہ کر دیا تھا۔ تعمیر نو کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے رکن عبدالجبار خان نے بتایا کہ تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے اور باقی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے زیر استعمال بہت سی اشیاء حملے میں محفوظ رہی تھیں اور انہیں بھی اسی انداز میں یہاں دوبارہ رکھا جائیگا۔ بہت سی چیزیں جو ابھی دستیاب نہیں ہیں تو ان کی ڈھلائی کا کام ہو رہا ہے، دراز، چٹخنیاں وغیرہ، جو چیزیں ملبے سے نکلی ہیں اور وہ قابل استعمال تھیں۔ انجینئرزنے انکو چیک کیا، انکو اسی جگہ پر استعمال کیا جائیگا۔یہ عمارت 122 سال پرانی تھی اور 1948ء میں قائد اعظم نے اپنے انتقال سے قبل کچھ عرصہ یہاں قیام کیا تھا۔عبدالجبار کاسی کا کہنا تھا کہ عمارت کی تعمیر نو میں اس بات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے کہ زلزلے کی صورت میں یہ محفوظ رہے۔2008ء میں زیارت میں آنے والے زلزلے سے بھی اس تاریخی عمارت کو کچھ نقصان پہنچا تھا۔زیارت ریذیڈنسی کے تعمیر نو اور بحالی کیلئے 14 کروڑ روپے مختص کیے گئے جب کہ اس کی تکمیل کے بعد یہاں ایف سی، بلوچستان کانسٹیبلری اور لیویز کے جوانوں کو حفاظت پر مامور کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن