• news

سپریم کورٹ توہین آمیز پروگرام پر ازخود نوٹس لے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اہلبیت اطہارؓ اور صحابہ کرامؓ کی عزت، حرمت، تعظیم و تکریم کرنا بغیر کسی شک و شبہ ہر مومن کے ایمان کا حصہ ہے۔ اہلبیت اطہارؓ اور صحابہ کرامؓ کی تعظیم و تکریم کا مطلقاً انکارِ کفر ہے کیونکہ یہ احکامات قرآنی کا انکار ہوگا۔ قرآن مجید نے انکی تعظیم و تکریم اُمت مسلمہ پر واجب کی ہے۔ حضور نبی کریمؐ کی سنت نے بھی انکی تعظیم و تکریم کو واجب کیا ہے۔ حضور اکرمؐ نے اُمت مسلمہ کو یہ درس دیا تھا کہ میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جارہا ہوں ان کو تھام لو یہ ہدایت کی ضمانت ہیں، ایک اللہ کی کتاب اور دوسرے میرے اہلبیت اطہارؓ۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں علماء کے بڑے وفد سے بیرون ملک سے ٹیلیفونک گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ عثمان سیالوی، میر آصف اکبر اور علامہ ممتاز صدیقی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اہلبیت اطہارؓ کی شان میں گستاخی پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہئے۔ اہلبیت اطہارؓ کی شان میں گستاخی براہ راست اسلام پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا ضابطہ اخلاق کو نئے سرے سے ترتیب دیکر اس طرح لاگو کیا جائے کہ ایکی خلاف ورزی کرنیوالے ٹی وی چینلز کے لائسنس فوری کینسل کردیئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن