• news

نوازشریف مودی کو امن کی آشا، میں جنگ کی بھاشا کی دعوت دیتا ہوں: حمید گل

راولاکوٹ (آئی این پی) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ نوازشریف مودی کو بے شک امن کی آشا کی دعوت دیتے رہیں میں انہیں جنگ کی بھاشا کی دعوت دیتا ہوں۔ نریندر مودی سرینگر میں ہمیں سلامی دینے کی تیاریاں کریں‘ پاک فوج کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی حفاظت کرے‘ یہ حفاظت ہمارے آئین میں درج ہے‘ امریکہ کے تعاون سے افغانستان میں ہم نے امریکہ کو شکست دی ہے جو اسے سمجھ میں آنی چاہے۔ راولاکوٹ کی سرزمین میں سدھن بستے ہیں جنہوں نے 1832ء میں زندہ کھالیں کھنچائیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں کہا کہ مودی کی جیت سے دو قومی نظریہ زندہ ہوگیا ہے۔ آج پاکستان میں فوج اور عوام میں دوریاں پیدا ہوچکی ہیں، ان دوریوں کی وجہ غلط پالیسیاں ہے۔ مجھے اور میرے بیٹے کو عدلیہ کی آزادی مانگنے کے جرم میں مشرف نے قید کروایا۔ جلسہ سے خطاب کرتے تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل نے کہا کہ پاکستان کو ہم نے اسلام کا مرکز بنانا ہے۔ ایک سازش کے تحت جیو اور جنگ گروپ حد سے آگے نکل گئے ہیں۔ بھارت کو شکست دے کر روس کی طرح ہم نے تباہ کرنا ہے۔ عبداللہ گل نے کہا کہ اسلام آباد بھی مقبوضہ ہے جسے آزاد کروانا ہے۔ سابق امیر جماعت اسلامی اعجازافضل نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب سارا کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن