لائوس: فضائیہ کا طیارہ تباہ، نائب وزیراعظم ‘ وزیر دفاع سمیت 17 ہلاک
ویانٹیان/بینکاک(این این آئی+ اے ایف پی+ اے پی پی) لائوس میں فضائیہ کا طیارہ شمالی صوبے شنگکویانگ میں گر کر تباہ ہونے سے ملک کے نائب وزیراعظم ،وزیر دفاع اورایک صوبے کے گورنر سمیت 17اہم شخصیات ہلاک ہو گئیں، تین افراد کو زخمی شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،جہاز کے تباہ ہونے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیںتاہم حکام کا کہنا تھا کہ جہاز ایک درخت سے ٹکرانے کی وجہ سے تباہ ہوا، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ہفتہ کی صبح لائوس کا یوکرائنی ساختہ انتونوف اے این 74۔300 فوجی طیارہ ایک سرکاری تقریب میں شرکت کے لئے جا رہا تھا کہ شمالی صوبے شنگکویانگ کے ضلع پائک کے علاقے ناڈی میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں لائوس کے وزیر دفاع دفاع لیفٹیننٹ جنرل ڈویانگچہ، پبلک سیفٹی کے وزیر اور ویانٹیان کے میئر سمیت 17 اہم شخصیات ہلاک ہو گئیں جب کہ تین افراد کو زخمی شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تھائی فوجی حکام کے مطابق اس طیارے میں کْل بیس افراد سوار تھے، جن میں وینتیان کے گورنر سمیت متعدد اعلیٰ سرکاری اہلکار بھی شامل تھے،بتایا گیا کہ اس حادثے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ تین بچ گئے ، لاؤس کے ہمسایہ ملک تھائی لینڈ کے وزیر دفاع نیپات تھونگلیک نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ موصولہ رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو لاؤس کا ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں وزیر دفاع ہلاک ہو گئے ، ان کاکہنا تھا کہ اعلیٰ اہلکاروں کا ایک وفد ہفتہ کو ایک سرکاری تقریب میں شرکت کے لیے شمال مشرقی صوبے سنیانک کوانگ کی طرف روانہ تھا کہ ایئر فورس کا جیٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ یوکرائن کی انتانوف نامی کمپنی کے تیار کردہ اس طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی نے تباہ شدہ طیارے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ رائٹر کے مطابق 14افراد طیارے پر سوار تھے۔