پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی حکومتی تعاون کے بغیر ممکن نہیں: وسیم اکرم
ممبئی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ وقاریونس سمیت نئے سپورٹ سٹاف کی تقرری خوش آئندہے،ورلڈکپ سے قبل ٹیم کو متحدرکھ کر فتوحات کی راہ پر گامزن کرنا وقاریونس کیلئے کسی امتحان سے کم نہیں ہوگا،گرانٹ فلاور بیٹنگ کی خامیاں جدید طرز سے دور کرسکتے ہیں،بیٹنگ کوچ مقامی ہوتا تو زیادہ بہتر ہوتا ۔بھارتی اخبار کو انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہاکہ پی سی بی نے نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری سوچ سمجھ کرہی کی ہوگی ،وقاریونس سمیت نئے سپورٹ سٹاف کی تقرری خوش آئندہے۔پاکستان میں اچھے بلے بازوں کی کمی نہیں ، انضمام الحق ، محمد یوسف سمیت کئی کرکٹرز کی خدمات حاصل کی جاسکتی تھیں ۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونا بڑاالمیہ ہے ،پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت مل کر اس طرف کوششیں کرے ، کرکٹ کی بحالی حکومتی تعاون کے بغیر کسی صورت ممکن نہیں ، امیدہے کہ بھارت کی نئی حکومت اس حوالے سے اچھے اقدامات کریگی جس سے کرکٹ ڈپلومیسی آگے بڑھے گی ۔ کوچنگ کی پیشکش ہوئی مگر نئی اہلیہ اور بچوں کو وقت دینا چاہتاہوں جو کوچنگ کے باعث نہیں دے پائوں گا۔