حکومت اور وعدے
مکرمی ! پاکستان اس وقت بے پناہ مسائل کا شکار ہے۔ ان مسائل کے حل کے حوالے سے حکومت کی پوزیشن وہ نہیں جو انتخابات سے قبل تھی۔ حکومت فلائی اوور بنانے اور سڑکوں کی تعمیر میں مصروف ہے اور لوگ مہنگائی کے ہاتھوں بیزار ہو رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی سے عام شہری کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ ڈالر اتنا نیچے آ گیا لیکن مہنگائی کی شرح میں کمی نہیں ہو سکی اور تو اور پچھلے ایک ماہ کے دوران حکومت سے آلو کی قیمت کنٹرول ہونے میں نہیں آ رہی اور آگے ماہ رمضان المبارک کی آمد قریب ہے اس میں تو آلو سونے کے بھاﺅ بھی شاید نہ ملے اسی طرح کھجور کو ذخیرہ اندوزوں نے ابھی سے چھپانا شروع کر دیا ہے تاکہ رمضان المبارک میں اسے مہنگے ترین داموں فروخت کر سکیں۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ابھی سے 12 سے 18 گھنٹے ہو چکا ہے۔ ابھی مکمل گرمی میں نہیں آئی، جون جولائی میں تو عوام بجلی کو ہی ترس جائیں گے۔ سردیاں گزرے زمانہ ہو چکا ہے لیکن گیس کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔ آج بھی سخت گرمی میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں فلنگ سٹیشن پر کھڑی حکومت کی اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت پیش کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم کو ٹھنڈے دل سے سوچنا ہو گا۔ آنے والے دنوں میں ان مسائل کا سدباب کیا جائے۔ (محمد لطیف رانا)