• news

حکومت اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی بجائے گورننس پر توجہ دے: مشرف

لاہور (آئی این پی)  آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل  ریٹائرڈ پرویز مشرف  نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کے ساتھ کشیدگی اور محاذ آرائی  کی بجائے گورننس پر توجہ دے۔ ملک کو ترقی یافتہ  اور خوشحال بنانے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ اور معیشت کی بہتری  ناگزیر ہے جب تک ملک کی گورننگ بہتر نہیں ہو گی اس وقت تک ملک کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے  اور آج ہمیں سب سے پہلے ملک  کو  بچانے کی بات کرنی چاہئے۔  میں نے ہمیشہ  ملک  کی ترقی و خوشحالی  کیلئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی ملک کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔  وہ  آل پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ٹیلی فونک  خطاب کر رہے تھے جبکہ اس  موقع پر آل  پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل  ڈاکٹر امجد، الیاس گجر سمیت دیگر مرکزی  عہدیداران بھی  موجود تھے۔  پرویزم شرف  نے کہا کہ  میں سمجھتا ہوں  کہ سیاسی جماعتوں کو بھی ذاتی  کے بجائے  قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے۔  ہمیں  یہ بات نہیں بھولنی  چاہئے  کہ افغانستان اور بھارت کے حالات تبدیل ہو رہے ہیں اور اگر ہم  نے اپنی گورننس  پر توجہ نہ دی تو  افغانستان اور بھارت کے حالات  کے اثرات  پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے اور میں  توقع کرتا ہوں کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے، معیشت کی بہتری اور گورننس  کو بہتر بنانے پر ضرور توجہ دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن