مریدکے: بیرون ملک پلٹ نوجوان کی گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی
مریدکے+ شیخوپورہ+ فیصل آباد (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) مختلف واقعات میں تین بچوں کے باپ سمیت 3 افراد نے گھریلو مسائل اور معاشی پریشانیوں کے باعث زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقہ میں بیرون ملک سے آنیوالے نوجوان نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاںکھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ محلہ رحمان پورہ کے نوجوان عارف نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آکر زہریلی گولیاں نگل لیں جس پر اسے ہسپتال پہنچا یا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی ایک بچے کا باپ اور سابق لیڈی کونسلر شازیہ طاہر کا کزن بیان کیا جا تا ہے۔ فیصل آباد کے چک 216ر۔ب کا 45 سالہ اللہ دتہ کا اپنی اہلیہ سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس پر دلبرداشتہ اس نے کنپٹی پر گولی مار کر موت کو گلے لگا لیا۔ مقتول تین بچوں کا باپ تھا اور کچھ عرصہ سے بیروزگار تھا۔ جھنگ روڈ کے 17سالہ بیروزگار نوجوان عثمان نے بیروزگاری سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔