ڈی جی خان، کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے دلہن، 2 کمسن بچیاں جاں بحق
جام پور (نامہ نگار) ڈی جی خان کے نواحی علاقے جام پور میں جنریٹر کا دھواں کمرے میں بھر جانے کے باعث دلہن سہاگ رات کو ہی دو کمسن نندوں سمیت جاں بحق، دولہا بے ہوش ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بستی وینس میں اصغر ولد مستری فدا حسین کی شادی تھی، لوڈشیڈنگ کے باعث جنریٹر کا انتظام کیا گیا لیکن اچانک بارش شروع ہو گئی تو جنریٹر دولہا دلہن کے کمرہ عروسی میں ہی رکھ دیا گیا جبکہ دولہا محمد اصغر کی دو کم سن بہنیں حلیمہ عمر 8 سال اور علینہ 5 سال بھی کمرے میں چٹائی پر سو گئیں۔ رات کو کمرہ میں جنریٹر کا دھواں بھر گیا جس سے دلہن علیزہ بی بی، اس کی دو کم سن نندیں حلیمہ اور علینہ جاں بحق ہو گئیں جبکہ دولہا محمد اصغر بے ہوش ہو گیا۔ تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان ریفر کر دیا گیا جس گھر میں رات بھر خوشیوں کی شہنائیاں گونجتی رہیں وہی گھر صبح ماتم کدہ میں تبدیل ہو گیا۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق وزیراعلی محمد شہبازشریف نے گھر میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے ہلاکتوں پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہار کیا ہے-