کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منائینگے: مجلس وحدت المسلمین
سکردو(خصوصی نامہ نگار)مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جمعہ کوملک گیریوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی الیکشن کے ذریعے برسراقتدار آنے والی کسی حکومت کو نہیں مانتے، آزاد الیکشن کمیشن کے ذریعے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر الیکشن کرائے جائیں، بدقسمتی سے آج ہم پر جو حکمران مسلط ہیں وہ جھوٹے، بدکردار، کرپٹ اور لٹیرے ہیں، جو الیکشن چوری کرکے جعلی مینڈیڈیٹ لیکر جعلی حکومت بنا لیں ان چوروں اور انکی چوری کی ہوئی حکومت ہم نہیں مانتے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کیلئے پاکستان کی گلی گلی میں لے کر جائیں گے۔ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، اشرافیہ سے عوام کے حقوق چھین کر دم لیں گے، ہم مظلوموں کی زبان بنیں گے۔ سیاسی تبدیلی کے لئے سیاسی سوچ میں تبدیلی لانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سکردو میں ہونے والی بیداری ملت و استحکام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل کے وائس چئیرمین صاحبزادہ حسین رضا، منہاج القرآن کے مرکزی رہنما سید فرحت عباس شاہ، اہل حدیث رہنما حافظ بلال زبیری، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماعلامہ امین شہیدی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما جواد کاظمی، ق لیگ کے رہنما ظفر ریلے اور بلوچستان اسمبلی کے رکن آغا سید محمد رضاو دیگر نے خطاب کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے اپنے اندر تبدیلی لانا ضروری ہے، جب ہم اپنے اندر تبدیلی لے آئیں گے اور متحد ہو جائیں گے تو پھر کوئی قوت ہمیں شکست نہیں دے سکتی اگر ہم شیعہ سنی کے فسادات میں الجھے رہے تو پھر یہی بدکردار سیاستدان ہم پر مسلط رہیں گے یہی وجہ ہے 12روز احتجاج کرنے کے بعد ہمیں گندم کی سبسڈی ملی۔ جنہوں نے اس علاقے کے لوگوں کے حقوق غصب کیے انکے خلاف متحد ہو کر اعلان جنگ کیا جائے۔ ہم مظلوموں کی آواز ہیں اور انکے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور دشمنوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھاتے ہیں بیشک امریکہ ہی کیوں نہ ہو۔ دشمن ہمیں مختلف فرقوں میں تقسیم کرکے ہم پر مسلط ہونا چاہتے ہیں اب وقت آچکا ہے ہم اپنی مظلومیت چھوڑ کر متحد ہو جائیں اور ظالم حکمرانوں کو بھاگنے پر مجبور کردیں آج دنیا بدل رہی ہے۔ جعلی الیکشن ہمیں قبول نہیں آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے جو متناسب نمائندگی کے ذریعے الیکشن کرائے تاکہ2 فیصد اشرافیہ کی بجائے 98 فیصد عوام کو ایوانوں میں نمائندگی مل سکے ہم سیاست میں اختلاف کے قائل ہیں دشمنی کے نہیں۔ عوامی طاقت سے بلوچستان میں رئیسانی کو اقتدار سے نکالا اگر ظلم بند نہ ہوا، کراچی اور پنجاب میں مظلوموں کا خون بہایا جاتا رہا تو کراچی اسلام آباد، لاہور اور گلگت بلتستان کا کوئی بھی رئیسانی اقتدار میں نہیں رہیگا۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ یہاں سے الیکشن جیت کر وزیراعلیٰ بننے والے نے اپنے حلقہ میں بھی کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا بلکہ لوٹ مارکر کے لاہور اور اسلام آباد میں اپنے محل تعمیر کرلیے ہیںاور اس نام نہاد عوامی نمائندے نے یہاں کی عوام کے حقوق کی کوئی بات نہیں کی۔ مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین مولانا حسن ظفر نقوی نے کہا کہ آج کے یزیدوں نے ہمیں لڑانے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے مگر ہمیں متحد دیکھ کر انکے سینوں پر سانپ رینگ رہے ہونگے ہمیں ڈرانے والے اور دھمکانے والوں کا ہمیشہ منہ کالا ہوا جیو اور جنگ کی کوشش رہی ہے کہ ملک میں لڑائی جاری رہے مگر اب انکا انجام قریب آچکا ہے ہم کھل کر انکی مخالفت کریں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد بنانے والوںنے پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے بھی ہم کیونکہ جن لوگوں نے پاکستان کی مخالفت کی انہوں نے ہی ہمارے دشمنوں سے ملکراور ملک دشمنی کا ثبوت دیا اور نسل در نسل اقتدار پر قابض ہوگئے مگر ہم اپنے حقوق حاصل کرکے رہیں گے ہم ڈنڈے کے نام پر اسلام نافذ کرنے والوں کی سخت مذمت کرتے اور وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک دم میں دم ہے اسلام دشمنوں کا مقابلہ کرتے رہیں گے، منہاج القران کے مرکزی رہنما فرحت عباس شاہ نے کہا کہ قرض اتارو ملک سنوارو کا نعرہ لگا کر پوری دنیا میں بیٹھے ہوئے پاکستانیوں کو بیوقوف بنا کر اربوں روپے اکٹھے کرکے حکمرانوں نے صرف اپنی عیاشی کے اڈے بنائے اور ملک کا قرض بڑھتا ہی رہا۔ اگرکسی نے یہاںکے عوام کے حقوق غصب کرنے کی بات بھی کی تو اسکی زبان کھینچ لی جائیگی۔ ناصر شیرازی نے کہا حکمران بتائیں کہ کارگل اور سیاچن کس نے بچایا تھا جبکہ حکمران یہ بھی بتادیں کہ آدھا ملک کس نے گنوایا تھا۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جواد الحسن کاظمی نے کہا کہ ہم لوگ کسی بھی بڑے مقصد کے حصول کے لئے بالخصوص پاکستان کی ترقی اور اپنے حقوق کے لیے مل بیٹھ سکتے ہیں تاکہ ملک دشمنوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔ وقت آچکا ہے کہ اپنے دیکھے ہوئے خوابوں کی تعبیر کے لیے سب ملک بیٹھ کر اسلام اور پاکستان کے استحکام کے لیے کام کریں ہم وہ لوگ نہیں جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی اور قائد کے خلاف فتوے دیتے رہے۔ رکن صوبائی اسمبلی سید آغا محمد رضا نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں استحکام پیدا نہیں ہونے دیتی۔ اہلسنت بلتستان کے مرکزی رہنما مولانا محمد بلال زبیری نے کہا کہ ہم نے ڈوگرا راج کے خلاف بھر پور مزاحمت کی اور پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا مگر ہمیں آج تک آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ ہمیں بتایا جائے کہ ہم کشمیری ہیں یا بلتی ہیں اگر ہمیں ہمارا حق نہ دیا گیا تو بہت جلد عوام کا ہاتھ ہوگا اور حکمرانوں کا گریبان۔