فوج اور آئی ایس آئی کو غیر ملکی ایجنڈے کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے: شیخ رشید
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوج اور آئی ایس آئی کو غیر ملکی ایجنڈے کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے‘ طالبان کی خواہش کے باوجود مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہو پا رہی‘ موجودہ حکومت 11 سال میں بھی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکتی‘ وزیراعظم جعلی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں‘ میرٹ کی گردان کرنے والے چمچوں کو نواز رہے ہیں‘ کسی بھی ایک حلقہ میں دھاندلی ثابت ہونے کا مطلب مڈٹرم الیکشن‘ یا مارشل لاء ہے ضرورت پڑی تو پورے ملک میں پیدل مارچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں کھیالی اڈہ پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں عوامی مسلم لیگ‘ پی ٹی آئی کے قائدین‘ کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کا مقصد ملک کو ایران‘ لیبیا‘ اردن‘ چین کی صورت حال سے دوچار کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ فوج اندر سے ٹوٹ گئی تو ملک بھی نہیں رہے گا، حالیہ تاریخ میں طالبان پہلی بار اس بات کے خواہش مند ہیں کہ مذاکرات کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچیں مگر موجودہ وزیراعظم کنفیوزڈ‘ قوت فیصلہ سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی صورت حال انتہائی مخدوش ہے مشرف کے لئے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی اور کورٹ مارشل والے بندے کیلئے چیئرمین شپ کیا یہی ن لیگ کا میرٹ ہے دس ماہ میں قوم کو اربوں روپے کا مقروض کر دیا گیا ہے‘ ملک وارزون بن چکا ہے ان کا کہنا تھا کہ 20 جون کو وہ ٹرین مارچ کے ذریعے دوبارہ گوجرانوالہ آئیں گے۔