میر شکیل الرحمن کیخلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹوں گا‘ افتخار چودھری نے قوم کو دھاندلی زدہ الیکشن دیا: عمران
اسلام آباد (وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں ظلم کرنیوالوں کیخلاف کھڑا ہوں، 2013ء کا الیکشن تاریخ کا فراڈ ترین الیکشن تھا۔ میری کوئی قیمت نہیں اللہ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ پتہ لگایا جائے کہ ریٹرننگ افسروں کا کپتان کون تھا۔ آئی ایس آئی پاکستانی فوج کی آنکھیں اور کان ہے۔ جنگ اور جیو گروپ فوج کو بدنام کر رہا ہے۔ ’’وقت نیوز‘‘ کے پروگرام 8 پی ایم ود فریحہ ادریس میں انہوں نے کہاکہ عمر چیمہ میری کردارکشی میں ملوث ہے۔ نجی چینل نے بھی دھاندلی میں مکمل ساتھ دیا۔ جیو اور مسلم لیگ(ن) ایک ہیں، جیو اب پی ٹی وی بن چکا ہے۔ میں نے وقت کے ہر فرعون کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ میں میر شکیل الرحمن کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، امن کی آشا کو غیرملکی فنڈنگ کی جا رہی تھی۔ اس کے ثبوت موجود ہیں۔ جنگ اور جیو کے 6 افراد حکومتی عہدوں پر ہیں۔ انتخابی دھاندلی میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں، اگلے الیکشن کی بہتری کیلئے صرف 4 حلقوں کی تحقیقات کرا دیں۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے سب سے زیادہ مایوس کیا، ان کیلئے قوم نے قربانیاں دیں۔ افتخار چودھری نے قوم کو دھاندلی زدہ الیکشن دیا، دھاندلی کیخلاف احتجاج پر کارکنوں کا قتل بھی برداشت کیا، نیا پاکستان تب بنے گا جب دھاندلی کرنیوالوں کو سزا ملے گی، شفاف الیکشن میں ہی پاکستان کی بہتری ہے، اتنی دھاندلی کے بعد کوئی بھی شریف آدمی الیکشن نہیں لڑیگا، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی سے انصاف کی اپیل کرتا ہوں، دھاندلی میں ساتھ دینے والوں کو اب فائدے دئیے جا رہے ہیں، دھاندلی کے خلاف تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، بھارت کیلئے امن کی آشا اور طالبان کیلئے کہاں ہے؟ امن کی بات کروں تو طالبان خان کہا جاتا ہے۔ پاکستان میں میڈیا ہائوسز ملک کا ایجنڈا سیٹ کرتے ہیں، کیا ایک اہم فوجی ادارے پر تنقید کرنا ٹھیک تھا، کیا میڈیا مالکان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی کی کردارکشی کریں، میر شکیل الرحمن پیسہ بنانے کیلئے بادشاہ بنا ہوا ہے، میر شکیل الرحمن کون ہوتا ہے مجھے بلیک میل کرنیوالا؟ عوامی لیڈر ہوں میرا کام ہے عوامی حقوق کا تحفظ کرنا، نجی چینل میری کردارکشی کیوں کر رہا ہے؟ میر شکیل الرحمن اور نوازشریف بھائی بھائی بنے ہوئے ہیں، پیمرا کا قانون بھی میڈیا ہائوسز کنٹرول کرتے ہیں، شریف فیملی انگلینڈ کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ہے، لوگ غربت سے مر رہے ہیں، حکومت پل بنا رہی ہے جو بہتر پرفارمنس دیگا، اُسے اوپر لیکر آئیں گے، مڈٹرم الیکشن سے متعلق کچھ نہیں کیا، جب تک انصاف نہیں ملے گا ہم سڑکوں پر رہیں گے۔