سعودی تعلیمی اداروں میں کھیلوں پرعائد پابندی ختم
ریاض(این این آئی) سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں پر پابندی کے خاتمے کے بعد ایک ریاستی اسکول میں لڑکیوں کے لئے سپورٹس متعارف کرایا گیا ،سعودی اخبار کے مطابق بحرِ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں لڑکیوں کے عمل انسٹیٹیوٹ میں کھیلوں کی نئی سہولیات کی تعمیر کے بعد یہاں کی طالبات پچھلے ہفتے والی بال کے علاوہ باسکٹ بال، ٹینس اور ہاکی کے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں حصہ لیا۔اپریل کے مہینے کے دوران اس مسلم سلطنت کی شوری کونسل، جو ایک مشاورتی ادارہ ہے، نے ایک گرماگرم بحث کے بعد طویل عرصے سے عائد پابندی کو ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔یاد رہے کہ نجی اسکولوں میں طالبات کے کھیلوں میں حصہ لینے کی پابندیوں میں پہلے ہی پچھلے سال نرمی کردی گئی تھی۔اس مشاورتی ادارے کے ڈیڑھ سو اراکین کی اکثریت مردوں پر مشتمل ہے اور اس کے اراکین کا تقرر کیا جاتا ہے۔ اس کا کام صرف اپنی سفارشات کو وزارتِ تعلیم کی جانب آگے بڑھانا ہے، اس کے پاس ان کے نفاذ کا کوئی اختیار نہیں ہے۔