• news

ذکاء اشرف نے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا‘ نجم سیٹھی کے تمام فیصلے کالعدم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد چودھری ذکاء اشرف نے تیسری بار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں سابق چیئرمین کے دور میں ہونے والے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دیدیا۔ آزاد عدلیہ کا احترام کرتے ہیں جس نے حق اور انصاف کا ساتھ دیا۔ ذکاء اشرف نے کہا کہ میں ایک منتخب چیئرمین پی سی بی ہوں، اپنے دور میں پہلے بھی نیک نیتی سے کام کیا اور مستقبل میں بھی ایسا کیا جائے گا۔ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے پاس جو کوئی خوشخبریاں ہیں ہمیں بتائیں، ان کا جائزہ لیکر انہیں جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی اور اس میں بہتری بھی لائی جائے گی۔ ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ بگ تھری سمیت بورڈ میں ہونیوالی تقرریوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائیگا۔ اپنے دور میں بگ تھری کی مخالفت کی تھی، نجم سیٹھی نے کن بنیادوں پر اس کی حمایت کی اسے دیکھا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں، ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے کے بعد پی سی بی گورننگ بورڈ بحال ہو گیا۔ ایک شخص کے نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ آج میرے ساتھ گورننگ بورڈ کے 10 ارکان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بعد ہونے والے تمام فیصلے کالعدم ہو چکے ہیں، بھرتی ہونے والے کوچنگ سٹاف کے معاملے کا جائزہ لیا جائیگا جو میرٹ پر ہوا اسے کام کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔ کپتان کے ایشو پر ذکاء اشرف نے کہا کہ مصباح الحق اور محمد حفیظ باصلاحیت کھلاڑی ہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ میں کارکردگی کا دارومدار فٹنس پر ہوتا ہے جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ پی سی بی مینجمنٹ جب نہیں رہی تو اس کی جانب سے بنائے جانیوالے آئین کی بھی کوئی حیثیت نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کرکٹ کی بہتری کیلئے شاہ خرچ ہونا بری بات نہیں بلکہ کنجوسی کرکے کرکٹ کو نقصان پہنچانا بری چیز ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی چیئرمین تیسری بار عہدے پر بحال ہوا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن