1993ء کے بعد سے سری لنکا کا دورہ نہیں کیا: اعتزاز احسن کی تردید
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کی اپنے دورہ سری لنکا کے بارے میں خبر کی تردید کردی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ جولائی 1993ء سے سری لنکا نہیں گئے پیر کو ایوان بالا میں ذاتی نکتہ وضاحت پر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایک خبر پاکستان کے ایک انگریزی روزنامے میں میرے حوالے سے شائع ہوئی ہے کہ سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر حال ہی میں سری لنکا کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سری لنکا کی فوج پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے لگنے والے الزامات کے دفاع کے سلسلے میں مشاورت تھی۔ سینٹ میں اعتزاز احسن نے واضح کہا کہ خبر غلط ہے میں نے جولائی 1993ء کے بعد سے سری لنکا کا دورہ ہی نہیں کیا۔