• news

کوہ سلیمان پر بارشوں سے ڈی جی خان کے نالوں میں طغیانی، 2 بچے‘ 2خواتین جاں بحق

ڈیرہ غازیخان+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازیخان اور خیبر پی کے کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیرہ غازیخان سے ملحقہ کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں 5 روز سے جاری شدید بارشوں سے پہاڑی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔ گذشتہ روز تونسہ میں وہوا ندی میں پانی کا بہاؤ 80 ہزار جبکہ کوڑا میں 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ طغیانی سے تونسہ کے علاقے بیٹ فتح خان کی 15 بستیاں زیر آب آگئیں اور علاقے کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی جبکہ وہوا ندی میں بڑا ریلا آنے پر قریبی 15 دیہات خالی کرا لئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مٹھے والی کوتانی کے حفاظتی بند کو خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں قبائلی علاقوں فاضلہ کچ، وادی چلالہ اور دیگر کا ڈی جی خان سے رابطہ پانچویں روز بھی معطل رہا۔ سیلابی ریلوں نے فصلیں تباہ کر دیں۔ ادھر مانسہرہ میں سیلابی ریلے میں بہہ کر دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں دیر بالا اور زیریں کے پہاڑی علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

ای پیپر-دی نیشن