سادگی اور کفایت شعاری حکومتی سطح پر بھی نظر آنی چاہئے: ڈاکٹر صدف علی
لاہور ( پ ر) ادارہ قومی تشخص کے صدر ڈاکٹر صد ف علی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نیا بجٹ بناتے وقت قائداعظم ؒ کی ہدایت کی روشنی میں تمام برسراقتدار طبقہ سے سادگی اختیار کرنیکا حلف لیں۔ پہلے بجٹ کے موقع پر 21 مئی 1948ء کو وزیراعظم خان لیاقت علی خان نے تمام اعلیٰ افسران کا خصوصی اجلاس بلا کر ایک اہم دستاویز پر دستخط کرائے تھے ‘ جسے عہد نامہ سادگی کا نام دیا گیا تھا۔ اس روز عہد کیا گیا تھا کہ آئندہ تمام اعلیٰ حکام اور عوامی نمائندے ہمیشہ ساختہ پا کستان اشیا استعمال کرینگے اور صرف پاکستانی مصنو عات کی حوصلہ افزائی کرینگے اور عوام کیلئے سادگی کا نمونہ بنیں گے اسی اجلا س میں " بی پا کستان بائے پاکستان " کی اصطلاح معرض وجود میں آئی تھی۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وزیر خزانہ کو بجٹ بنانے سے پہلے اس بات کا پابند بنائیں کہ سادگی کا درس صرف عوام ہی نہیں، اشرافیہ کو بھی پابند کیا جائے تاکہ پاکستان کا نظریاتی اور ایٹمی تشخص بحال کیا جاسکے۔