انصاف کی جنگ لڑنے دھاندلی کرنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا : عمران
نارووال (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حلقہ پی پی 136 نارووال کے موضع نونار میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک میں عام انتخابات ہوئے ہارنے والی پارٹی نے انتخابات کو تسلیم کیا اور جیتے والی پارٹی کو مبارکباد دی کسی نے یہ نہیں کہا کہ دھاندلی ہوئی لیکن پاکستان میں سوائے 1970ء کے الیکشن کے تمام الیکشن شفاف نہیں ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ پی پی 136 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دھاندلی کے خلاف نکل پڑے ہیں اور ہم اس وقت تک احتجاج کرتے رہیں گے جب تک ملک میں شفاف الیکشن کمیشن اور شفاف الیکشن نہیں ہوتے۔ وقت آ گیا ہے کہ انصاف کیلئے جنگ لڑی جائے اور دھاندلی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔ کے پی کے میں ہماری حکومت ہے کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ ایک روپے کی بھی کرپشن ہوئی ہے 25 مئی کو فیصل آباد میں احتجاجی جلسہ ہو گا۔ اے پی اے کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انتخابی اصلاحات نہ کی گئیں تو آئندہ انتخابات کے بائیکاٹ کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔ ملک میں اگر کوئی غیرجمہوری اقدام اٹھایا گیا تو اس کی مخالفت کرینگے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے نہ پہلے کبھی مارشل لاء کو سپورٹ کیا ہے اور نہ اب کرے گی۔