• news

این اے68 میں مبینہ دھاندلی، الیکشن کمشن نے عمران کے الزامات پر ریکارڈ مانگ لیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں/نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے عمران خان کے دھاندلی سے متعلق الزامات کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں الیکشن کمشن 100 فیصد سے زائد ووٹ نکلنے والے پولنگ سٹیشنز کی تحقیقات کریگا۔ عمران خان بار بار کہہ چکے ہیں کہ سرگودھا سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 68 جہاں سے وزیراعظم نوازشریف نے الیکشن لڑا تھا، اسکے ایک پولنگ سٹیشن پر کل 1500 ووٹ تھے جبکہ پول ہونیوالے ووٹوں کی تعداد 8000 تھی۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں الیکشن کمشن کے ارکان کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر انتخابی دھاندلیوں سے متعلق سامنے آنیوالے الزامات اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمشنرز کے استعفے کے مطالبے کا معاملہ زیرغور آیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے این اے 68 سرگودھا کے پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمشن نے ریٹرننگ افسروں کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ ووٹوں اور کاسٹ کئے گئے ووٹوں کا ریکارڈ بھجوایا جائے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ دوسری جانب عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں الیکشن کمشن کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن