• news

مودی26 مئی کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے ’’مقبوضہ کشمیر میں دراندازی روک دیں گے‘‘ سیکرٹری داخلہ سے گفتگو

نئی دہلی/ واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی) بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج عوام کی نئی امید اور خواہش کا آئینہ دار ہیں۔ بھارتی عوام اپنے ملک کو ایک ترقی کرتا ہوا ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے‘ میری زندگی بھارت کیلئے وقف ہے۔ میں ملک اور پارٹی کا ماں کی طرح خیال رکھوں گا دوبارہ کہوں گا 1.25 ارب بھارتیوں کی امیدیں اور امنگیں جمہوریت کے اس ٹیمپل سے وابستہ ہیں، یہ جمہوریت ہے کہ ایک غریب کا بیٹا وزیراعظم بننے جا رہا ہے۔ وہ منگل کو یہاں بی جے پی کی پارلیمانی پارٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ نریندر مودی 26 مئی کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائینگے۔ اجلاس میں نریندر مودی کو قائد ایوان کے طور پر باقاعدہ نامزد کیا گیا تھا۔ دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق صدر پرناب مکھر جی نے باضابطہ حکومت بنانے کی دعوت دیدی۔ مودی نے اپنی کابینہ کی تشکیل کیلئے سینئر رہنمائوں سے مشاورت جاری رکھی۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پارٹی کے سربراہ راج ناتھ سنگھ ملک کے نئے وزیرداخلہ، ارون جیٹلی وزیرخزانہ، سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نئے وزیر دفاع جبکہ ایل کے ایڈوانی لوک سبھا کے سپیکر ہونگے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور عسکریت پسندوں کی جانب سے دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہونے کے سلسلے میں وزارت داخلہ کے سیکرٹری نے نریندر مودی سے ملاقات کی۔ بھارتی اخبار کے مطابق لائن آف کنٹرول پر مزید فورسز کی تعیناتی، ریاست خصوصاً وادی کشمیر میں عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کو روکنے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انیل گوسوامی نے مودی کو بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر عسکریت پسندوں کی دراندازی کو روکنے کیلئے کارگر اقدامات اٹھائے ہیں۔ مودی نے داخلہ سیکرٹری پر زور دیا کہ سرحدوں پر فوج کی تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جبکہ دراندازی کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے نئی حکومت ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی اور سرحدوں پر تعینات فوج کو جدید سازوسامان سے لیس کرنے کے سلسلے میں بہت جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ کیری اور سینیٹر جان مکین نے نریندر مودی کو مبارکباد دی اور کہا نئی بھارتی حکومت سے ملکر کام کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن