طالبان نے چینی سیاح کے اغوا کی ذمہ داری قبول کرلی ، وزیراعظم کا نوٹس، بازیابی کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) کالعدم تحریک طالبان نے گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے چینی سیاح ہونگ ژوڈونگ کو اغوا کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔کالعدم تحریک طالبان شہریار محسود گروپ کے سینئر کمانڈر عبداللہ بہار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ چینی سیاح ان کی تحویل میں ہے اور اسے شمالی وزیرستان منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید ہمارے ساتھیوں کو جب تک رہا نہیں کیا جاتا اس وقت تک چینی سیاح کو نہیں چھوڑیں گے۔ دریں اثناءکلاچی، درابن اور چودھوان کے تھانوں کی پولیس نے سکیورٹی فورسز کے ہمراہ کلاچی کے علاقے کوٹ سلطان میں واقع جنگلات میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر کے بھائی اور ان کی قوم سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ تھانہ درابن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ چینی سفارتخانے نے اسلام آباد میں جاری مختصر بیان میں کہا کہ میڈیا میں خبریں آنے کے بعد چینی سیاح کے اغوا سے متعلق تفصیلات طلب کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم میاں نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان سے چینی سیاح کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ کو جلد بازیابی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔