ذکاء اشرف کی بحالی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ)وفاقی حکومت نے چوہدری ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بحالی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف یہ درخواست منگل کو بین الصوبائی رابطوں کی وزارت کی طرف سے عاصمہ جہانگیر کی وساطت سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ چوہدری ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی بحالی کے عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور نجم سیٹھی سمیت دیگر افراد کو اْن کے عہدوں پر بحال کیا جائے۔اس سے پہلے بین الصوبائی رابطوں کی وزارت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی تھی اور عدالت عالیہ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سپریم کورٹ میں ذکاء اشرف کی بطور چیئرمین پی سی بی بحالی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ درخواست کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔ کیس کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔