سپریم کورٹ نے بابر اعوان کا وکالت لائسنس بحال کر دیا، توہین عدالت کیس جاری رہیگا
اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کا وکالت کا لائسنس بحال کرکے معطلی کے احکامات واپس لے لئے، بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت سے متعلق کارروائی جاری رہے گی۔ منگل کو سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ کے جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بابر اعوان کے لائسنس کی معطلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ بابر اعوان کی طرف سے سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ اور محمد رمضان نے پیش ہو کر کہا کہ دو سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن لائسنس بحال نہیں کیا جارہا جس پر عدالت نے کہا کہ آپ نے عدالت کو جواب دینے کا کہا تھا جس پر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے بابر اعوان کا لائسنس بحال کرکے لائسنس معطلی کے احکامات واپس لے لئے تاہم سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کا کیس جاری رہے گا۔