ایم کیو ایم کی صفوں میں قانون شکن برداشت نہیں، رابطہ کمیٹی کارروائی کرے: الطاف
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ قانون شکن ایم کیو ایم کی صفوں میں برداشت نہیں، قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے، میں کسی کی سفارش نہیں کروں گا، قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے، لندن سے جاری بیان میں رابطہ کمیٹی کو ہدایت کرتے الطاف حسین نے کہا کہ میرا بھائی یا کوئی رشتہ دار قانون شکنی کرے تو رعایت نہ کی جائے، قانون شکن عناصر کے خلاف تنظیمی نظم و ضبط کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ ایم کیو ایم میں شامل کوئی بھی فرد قانون ہاتھ میں لے تو اس کی سفارش نہ کی جائے۔ حق پرستانہ نظرئیے کی خاطر ہزاروں شہیدوں نے لہو کا نذرانہ دیا، شہیدوں کا لہو ہم پر فرض ہے۔ الطاف حسین نے سوشل میڈیا ونگ کو ہدایت کی کہ قومی اداروں کا احترام کریں، اپنے پیغامات میں کسی کے خلاف بھی ناشائستہ زبان یا الفاط استعمال کرنے سے گریز کریں۔