ہم نے ہر شعبہ میں زیادہ سے زیادہ روزگار دیا، حکمران چھین رہے ہیں: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور میں ہر شعبہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار دیا لیکن موجودہ حکمران چھین رہے ہیں واسا ملازمین اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں، مشکل کی اس گھڑی میں مسلم لیگ ق ان کے ساتھ ہے۔ ان مطالبات کے حق میں اسمبلی کے اندر اور باہر آواز اٹھائی جائے گی۔ اپنی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے والے سینکڑوں واسا ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کو روزگار دینے کے منصوبے بنائے، اپنے دور میں لاکھوں بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کیا اور واسا ملازمین کو بھی ریگولر کیا تھا۔ واسا یونین کے چیئر مین رانا مقصود، وائس چیئر مین رانا نواز اور صدر رانا اقبال نے اپنے مطالبات کی حمایت پر چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دور سرکاری ملازمین کیلئے سنہری تھا جو آپ کی ہر محنت کش سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے واسا کے 1395 ورک چارج ملازمین کو کنفرم بھی کیا تھا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے کہا کہ اگر انہوں نے 24گھنٹے میں اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو ہم لاہور شہر کے تمام ٹیوب ویل اور سیوریج بند کر دیں گے۔ ملازمین کو بے روزگار کرنے کیلئے واسا بھی ایک نجی کمپنی کے حوالے کیا جا رہا ہے جو کہ سینکڑوں ملازمین کا معاشی قتل ہے، حکومت 7ہزار ملازمین کو بے روزگار نہیں کر رہی بلکہ 70ہزار افراد کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ دریں اثناء چوہدری پرویزالٰہی نے اسد ریاض خان بلوچ کو ق لیگ چنیوٹ کا ضلعی صدر نامزد کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پرچنیوٹ سے آئے ہوئے مسلم لیگی اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ ق لیگ موجودہ حالات میں اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔