7 ارب روپے کی عدم ادائیگی، پی ایس او نے پی آئی اے کا تیل بند کردیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) عدم ادائیگی کے باعث پاکستان سٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی۔ پی ایس او کے حکام کے مطابق پی آئی اے کے ذمے طیاروں کے ایندھن کی فراہمی کی مد میں 7 ارب روپے کی رقم واجب الادا ہے۔ عدم ادائیگی کی وجہ سے پی ایس او کا مالی بحران شدید ہوتا جارہا ہے اور ایندھن کی خریداری کے عوض ریفائنریز کو ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریفائنریز نے رقوم کی ادائیگی نہ ہونے پر جے پی ون کی فراہمی روکی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل کے پاس جیٹ فیول کا سٹاک ختم ہوگیا، پی ایس او نے کراچی ائرپورٹ پر پروازوں کیلئے ایندھن کی سپلائی معطل کردی۔ ترجمان پی ایس او کے مطابق پی آئی اے سمیت مختلف ادارے 180 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔ نیشنل ریفائنری نے پی ایس او کو ایک ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سپلائی معطل کردی۔ پی ایس او نے پی آئی اے سے 7 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پی ایس او اور ریفائنری کے درمیان ایشو کے باعث تیل کی قلت ہے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ معاملے کو حل کیا جائے۔ پی آئی اے کی جانب سے ادائیگیوں کا کوئی مسئلہ نہیں۔ دوسری طرف رات گئے پاکستان سٹیٹ آئل کے نیشنل آئل ریفائنری سے معاملات طے پا گئے۔ ترجمان پی ایس او کے مطابق نیشنل آئل ریفائنری نے فیول کی فراہمی شروع کردی۔ پی آئی اے کو آج سے فیول کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔