ڈیفنس: ڈرائیور نے گھریلو ملازمہ اور خانساماں، سبزہ زار میں دکاندار نے گاہک قتل کردیا
لاہور (نامہ نگار) ڈیفنس سی میں گھریلو ڈرائیور نے فائرنگ کر کے شادی سے انکار پر 25سالہ ملازمہ اور 27 سالہ رقیب کو موت کے گھاٹ اتار دیااور خود تھانے جاکر گرفتاری دیدی۔ بتایا گیا ہے ملزم اسد حسین، ملازمہ عابدہ بی بی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن عابدہ بی بی خانسامہ محمد خالد کو پسند کرتی تھی۔ کراچی کے تاجر حسن علی نے دو سال قبل ڈیفنس سی فیز 8میں گھر خریدا اور بیوی اور بچوں کے ہمراہ لاہور شفٹ ہو گیا تھا۔ 30 سالہ قاتل اسد حسین اسی کے گھر میں ڈرائیور تھا۔ اس نے عابدہ سے شادی کیلئے کہا ملازمہ کے انکار پر گزشتہ روز دونوں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد ملزم نے گھر کے کمرے میں موجود کلاشنکوف اٹھائی اور عابدہ اور خانساماں محمد خالد پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔ ملازمہ عابدہ بی بی کو اسکے سر اور پیٹ میں تین گولیاں لگیں جبکہ خانساماں محمد خالد کو سینے اور دماغ میں دو گولیاں لگیں۔ گھر کے مالک حسن علی نے بتایا کہ وہ صبح سے رات تک اپنے کام کے سلسلے میںباہر ہوتا ہے اسے انکے آپس میں کسی جھگڑے اور تعلقات کا علم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم اسد حسین کو خانساماں محمد خالد ہی لیکر آیا تھا اور یہ کہ اسد حسین ایک بہت ہی سادہ طبیعت کا مالک تھا اور اسکی کوئی بھی شکایت ہمیں دو سال میں نہیں ملی۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کروا دیا جبکہ ملزم اسد حسین سے تفتیش شروع کر دی ہے۔دریں اثناء سبزہ زار کے علاقے سعدپور کا رہائشی 60 سالہ شریف مقامی جنرل سٹور پر سودا سلف خریدنے گیا۔ اشیاء کی قیمت زیادہ مانگنے پر اس کی دکان کے مالک غلام مصطفی سے تلخ کلامی ہو گئی جس پر غلام مصطفی نے شریف کو ڈنڈے ما ر مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر مردہ خانے بھجوادی اور مقتول کے بیٹے کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے۔