• news

میرپور خاص: توہین مذہب کے مقدمے میں 4افراد گرفتار

میرپور خاص (بی بی سی اردو) صوبہ سندھ کے شہر میرپورخاص میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میاں بیوی سمیت چار افراد پر مذہب اور انبیا کی توہین کے مقدمے میں گرفتار کر کے انہیں حیدرآباد جیل بھیج دیا گیا ہے۔ گرفتار میاں بیوی سمیت 3 کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کراچی سے ہے۔ میرپور خاص کے ریلوے سٹیشن تھانے کے ہیڈ محرر محمد جلال نے بتایا کہ ریلوے کے الیکٹریشن حافظ شاہ فہد نے یہ مقدمہ درج کرایا ہے۔ حافظ شاہ محمد نے تین خواتین سمیت چار افراد کو مذہبی مواد تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جس میں انبیا کی توہین کی گئی ہے۔ چاروں کے خلاف دفعہ 298 اے پی پی سی اور 34 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہیڈ محرر کے مطابق انہوں نے ان متنازع کتابوں کا ایک کارٹن بھی ضبط کیا ہے جن میں بعض میں حضرت عیسیٰ اور حضرت موسیٰ کی تصاویر بھی شائع ہیں۔ یاد رہے یہ کتابیں عیشائی مشنری تبلیغ کیلئے استعمال کرتی رہی ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع پر بڑی تعداد میں مذہبی جماعتوں کے کارکن جمع ہو گئے جنہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر ریلوے پولیس نے مدد کے لیے ضلعی پولیس طلب کی۔ اے ایس پی میرپورخاص آصف اعوان کا کہنا ہے مبینہ ملزمان کو سکیورٹی میں حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس نے چاروں گرفتار افراد کا میرپورخاص کی مقامی عدالت سے چھ روز کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن