غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، بجلی کا خسارہ 2400 میگاواٹ تک پہنچ گیا
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور بجلی کا خسارہ 24 سو میگاوات تک پہنچ گیا جس کو پورا کرنے کیلئے 8 سے 10 گھنٹے تک بجلی بند کی گئی۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ لیسکو میں گڑھی شاہو، اقبال ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ، نیو ائرپورٹ کے اطراف، اندرون شہر، ٹائون شپ، مصری شاہ، فیض باغ، مزنگ، سمن آباد اور دیگر علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوتی رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ صارفین نے متعلقہ انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم اوراس سے ملحقہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ شہری علاقوں میں 6 اور دیہی علاقوںمیں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے عوام کو شدید دشواری کا سامنا رہا۔ صارفین نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ فوری ختم کیا جائے۔علاوہ ازیں اچھرہ کے علاقہ میں دوپہر کو بارش کے بعد بجلی غائب ہو گئی جوکہ رات تک بحال نہ ہو سکی جس کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔