پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں : اظہر علی، نوجوان محنت کریں : اعزاز چیمہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والی پائینرز پریمیئر لیگ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹر عمر اکمل، اظہر علی اور اعزاز چیمہ نے شرکت کی۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی آ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ہر سال جمعیت کی دعوت پر کرکٹ میلے میں شرکت کرتا ہوں۔ اظہر علی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں مگر مواقع نہ ملنے اور معاشی معاملات کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ گلی محلے تک ہی محدود ہو کر رہ جاتا ہے۔ اعزاز چیمہ نے کہا کہ کھیل صحت مند تفریح فراہم کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو ہر فیلڈ میں بھرپور محنت کرنا چاہئے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم عبد المقیت نے اپنے بیان میں کہا کہ کرکٹ میلے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ طلبا جمعیت کی سرگرمیوں کو پسند کرتے ہیں۔ ناظم جامعہ نے قومی کرکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔