انقلاب حاضر ہے، قوم بھی حاضر ہو
مکرمی! قرآن و سُنت کی صورت میں ہمارے پاس عظیم ترین رہنمائی میسر ہے۔ علامہ اقبال اور قائداعظم جیسے رہنما بھی ہمیں عطا کئے گئے۔ صد حیف کہ یہ قوم پھر بھی اندھیروں میں بھٹک رہی ہے۔ آج پاکستان سمیت تمام عالم اسلام نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی بلکہ سیاسی اور دفاعی میدانوں میں بھی اغیار کا محتاج اور غلام ہے۔ راقم الحروف ایک انقلابی تعلیمی نصاب اور تعلیمی سوفٹ وئیر پرکام کر رہا ہے۔ گزشتہ پانچ برس میں نے حکومت اور پاکستان کے اہل نظر افراد سے مسلسل درخواست کی کہ وہ میرے اس عظیم مشن میں میرے ساتھ کھڑے ہوں لیکن پورے ملک سے فقط ایک شخصیت نے میرا ساتھ دیا اور وہ ہیں جناب مجید نظامی صاحب۔ میں اس عظیم منصوبے کیلئے وسائل کا طلبگار تھا لیکن حکومت کی طرف سے ایک روپیہ بھی اس انقلابی منصوبے کیلئے مجھے نہ مل سکا۔ گو آج میرا سوفٹ وئیر پروجیکٹ نامکمل ہے لیکن میں اس پر کام جاری رکھے ہوئے ہوں۔ حکومت پنجاب اور خادم پنجاب کو میں نے لکھا کہ فقط میرا پروجیکٹ ہی تعلیمی انقلاب کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ اگر کوئی فرد یا ادارہ میرے تعلیمی مشن کا جائزہ لینے کا خواہاں ہو تو میری طرف سے خوش آمدید۔ (ظفر حبیب ۔ سلیمی سپر سکول سمندری)