احتجاج کی سیاست ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے: اسحٰق ڈار
اسلام آباد + کوئٹہ (این این آئی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا دورہ کوئٹہ طبیعت کی ناسازی کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے دورے کے دوران وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزراء و اراکین اسمبلی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقا تیں کرنا تھیں جبکہ گورنر ہاؤس میں ہائیر ایجوکیشن کے تحت تقریب میں یو نیورسٹیز کے مستحق طلباء و طالبات میں فیسں کے چیک بھی تقسیم کرنا تھے، تاہم وزیر اعظم کے دورہ کی منسوخی کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ان کی جگہ نمائندگی کی۔ اسحاق ڈار کو دورہ کوئٹہ کے موقع پر وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا جس کی وجہ سے کوئٹہ شہر کی ٹریفک معطل ہوگئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہاہے کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیںٗ سکیم کے تحت بلوچستان کے 32اضلاع کے 5ہزار نو سو48طلباء کی یونیورسٹی فیس بھی وفاقی حکومت ادا کریگی ٗ فیس ادائیگی سکیم آئندہ چار سال تک جاری رہے گی ٗ نئے بجٹ سے وفاقی حکومت یونیورسٹی طلباء کو لیپ ٹاپ بھی فراہم کریگی۔ وزیراعظم فیس ادائیگی سکیم کا گورنر ہائوس کوئٹہ میں باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالماک بلوچ، وفاقی وزیر جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور دیگر اعلیٰ بھی موجود تھے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے زراعت اور صنعت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہورہی ہے، احتجاج کی سیاست ملک کی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے اقلیتوں کی ترقی کیلئے یکساں مواقع دینے چاہیے انہوںنے کہاکہ مربوط پالیسیوں کے ذریعے ملک میں معاشی انقلاب برپا کرینگے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ اسکیم کا مقصد پسماندہ علاقوں کے ہونہار طلباء کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اخراجات واپسی سکیم ہماری حکومت میں جاری رہیگی۔ حکومت آئندہ چار سال میں تعلیمی بجٹ کو دوگنا کریگی۔