اوبامہ انتظامیہ مشتبہ امریکی شہریوں پر ڈرون حملوں کا جواز بتائے : عدالت
نیویارک (اے پی اے، رائٹرز) نیویارک کی ایک عدالت کے حکم کے بعد اوباما انتظامیہ نے مشتبہ امریکی شہریوں کے خلاف ڈرون حملوں کے جواز کے لئے تیار کئے گئے میمو کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیویارک کی تین فیڈرل اپیلز کورٹ نے امریکی محکمہ انصاف کو حکم دیا تھا کہ وہ ان خفیہ کاغذات کو عوام کے سامنے پیش کرے جن میں ڈرون حملوں کا قانونی جواز پیش کیا گیا تھا۔ اوباما انتظامیہ کے اہلکاروں نے بتایا کہ امریکی محکمہ انصاف نے عدالت میں اس حکم کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میمو کو عوام کے سامنے پیش کرنے سے قبل اس میں ضروری ترمیم کی جائینگی اور میمو کے کچھ اہم حصوں کو حذف یا انہیں بلیک آؤٹ کیا جائیگا ایسا کرنے کا مقصد نیشنل سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ اس دستاویز کو جاری کرنے کیلئے عدالت اور محکمہ انصاف نے کسی وقت کا تعین نہیں کیا۔