لاپتہ افراد کیس: وفاقی حکومت کی طرف سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر پشاور ہائیکورٹ برہم
پشاور (اے پی اے) پشاور ہائی کورٹ نے 26 لاپتہ افراد کے کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر ایک بار پھر وزارت دفاع اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم اور جسٹس اکرام اللہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اس سے قبل سماعت شروع ہوئی تو عدالت میں وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عتیق شاہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔ عدالت کے روبرو ایک خاتون نے بیان ریکارڈ کرایا کہ اسکا شوہر مراد علی کئی ماہ سے قید میں ہے اور سخت بیمار ہے ،کوئی طبی سہولت نہیں دی جا رہی ،جس پر فاضل بنچ نے مہمند ایجنسی کے حراستی مرکز میں قید شخص مراد علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔